گجرات: (26 فروری 2015ئ) انجمن نوجوانان میلاد کمیٹی کے زیر اہتمام عید گاہ گجرات میں ضلع بھر کے ممتاز علماء کرام مشائخ عظام اور مذہبی تنظیموں کے قائدین کا بھر پور اجلاس زیرصدارت صاحبزادہ پیر سید علی حسین شاہ زیب دربار عالیہ حضرت شاہ ولایت منعقد ہوا۔
عالمی تنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر اور سنی مجلس عمل کے چیئرمین حضرت پیر محمد افضل قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرامن سنی علماء کی گرفتاریاں، بزرگان دین کی کتابوں اور لائوڈ سپیکر کے جائز استعمال پر پابندیاں دشمنان اسلام ودشمنان پاکستان کی کارستانیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام پر تاریخ کا بدترین حملہ ہوچکا ہے
جبکہ ابھی ابتداء اور بعد ازاں اسلام شکن اقدامات کی فہرست لمبی ہے لہذا مسلمانوں پر فرض ہے کہ وہ اسوئہ نبوت کے مطابق صبر وہمت کے ساتھ اسلام کی حفاظت کیلئے میدان عمل میں آجائیں اور دین حق کو دبانے کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں۔ صاحبزادہ پیر سید علی حسین شاہ نے کہا کہ آل رسول نے ہمیشہ اسلام کیلئے قربانیاں دی ہیں اب بھی دین کیلئے تن، من اور دھن قربان کر دینگے۔ مقررین نے کہا کہ اسلام کے مراکز مساجدو مدارس پر پابندیاں برداشت نہیں کی جائیں۔
اس موقع پر متفقہ طور پر فیصلہ ہوا کہ قائدین کے ہر فیصلہ پر لبیک کہیں گے اور بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ ایک قرار داد کے ذریعے علامہ راشد تنویر قادری، صاحبزادہ فرید القمر سیالوی کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع گجرات میں ” سنی مجلس عمل ” کی تنظیم سازی کیلئے سید فیاض احمد ہاشمی کو ضلعی کنونیئر مقرر کیا گیا اور اعلان کیا گیا کہ ”سنی مجلس عمل” میں تمام سنی تنظیمات اور مراکز سے نمائندگی لی جائیگی۔