داعش نے عراق میں کئی تاریخی نوادرات اور مجسمے تباہ کر ڈالے

Isis Destroy Sculptures

Isis Destroy Sculptures

موصل (جیوڈیسک) عراق اور شام میں برسر پیکار جنگجو تنظیم داعش نے عراق کے شہر موصل کے عجائب گھر میں موجود کئی تاریخی نوادرات اور مجسموں کو تباہ کر دیا۔

داعش کی جانب سے اس تباہی کی جاری کی جانے والی ویڈیو میں جنگجوؤں کو موصل کے ایک عجائب گھر میں موجود تاریخی نوادرات اور مجسموں کو کلہاڑیوں اور ہتھوڑوں سے توڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور داعش کا کہنا ہے کہ یہ نوادرات اور مجسمے بت پرستی کی علامت ہیں اس لئے ان کا نام ونشان مٹادیا گیا۔

عراق کے ماہرین آثار قدیمہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جنگجوؤں نے تاریخی ورثے کو ناقابل بیان اور ناقابل تلافی نقصان پہنچایا جو ثقافتی دہشت گردی ہے، یہ انمول نوادرات تھے جو صرف عراق ہی کا تاریخی ورثہ نہیں تھے بلکہ پوری دنیا میں ان کی اہمیت تھی۔

ادھر داعش کی اس حرکت پر عالمی ثقافتی ادارے یونیسکو کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں عراق کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کا معاملہ زیر غور آئے گا۔

واضح رہے کہ داعش کے جنگجو عراق اور شام میں اپنے زیر قبضہ علاقوں میں صرف تاریخی نوادرات ہی کو تباہ نہیں کر رہے بلکہ انھوں نے صوفیہ اور علما کے متعدد مزارات اور کئی عبادت گاہوں کو بھی ڈھا دیا ہے۔