کراچی (جیوڈیسک) سینیٹ کے انتخابات میں امیدوار وں کی بلا مقابلہ کامیابی کی خوشی میں نائن زیرو عزیز آباد میں جشن کی تقریب سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا اعمال کا دارومداد نیتوں پر ہے۔
ہمیں پٹھانوں، سندھیوں، بلوچوں کا دشمن کہا گیا اور ایم کیو ایم پر جھوٹے الزامات لگائے گئے لیکن مایوس نہیں ہوئے خیبرپختونخوا سے بیرسٹر سیف کا سینیٹر بننا ثابت کرتا ہے پختونوں سے نفرت نہیں کرتے۔ بیرسٹر سیف ،نگہت مرزا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا اللہ نے آپ پر بھاری ذمہ داری عائد کی ہے۔
الطاف حسین کا مزید کہنا تھا پاکستان میں ’’اسٹیٹس کو‘‘ کی خرابیاں ہیں ایم کیو ایم اسٹیٹس کو‘‘ کی مخالف جماعت ہے۔ تمام کارکنان اپنی اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں شہدا کا خون رنگ لا رہا ہے وہ وقت بھی آئے گا جب ملک میں انقلاب آئے گا۔
الطاف حسین نے کارکنوں کو مبارکباد دی کہ لیبر ڈویژن کے یوم تاسیس پر انہیں تحفے میں دو بلامقابلہ سینیٹر ملے۔ سینیٹ کے انتخابات میں امیدوار وں کی بلا مقابلہ کامیابی کی خوشی میں جشن منایا گیا۔ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائی تقسیم کی۔