کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کالونی اسپورٹ فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری “آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ “میں لیگز میچز کا آغاز ہوگیا کھیلے گئے پہلے لیگ میچ میں کوئٹہ سے آنے والے پاک ہزارہ کلب کوئٹہ نے مد مقابل بلوچ یوتھ گارڈن کو 1 -0 سے شکست دیکر 3 پوائنٹ حاصل کر لئے۔
پاک ہزارہ کلب کی جانب سے کھیل کے 57 ویں منٹ میں حسن نے خوبصورت گول کیا جبکہ بلوچ یوتھ کی ٹیم کوشش کے باوجود کوئی گول اسکور کرنے میں ناکام رہی ٹورنامنٹ میں لیگز میچز کا افتتاح حق پرست رکن صوبائی اسمبلی یوسف شہوانی نے فٹ بال کو کک لگا کر کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ ٹورنامنٹ آرگنائزنگ سیکریٹری ضمیر السلام ،سماجی رہنما امیر محمد خان ،منیر بھائی اور دیگر موجود تھے ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دوسرے لیگ میچ میں اسٹیٹ لائف کی ٹیم نے نیشنل شاہین کا مقابلہ 0-0سے برابر رہا اور دونوں ٹیموں کو 1-1 پوائنٹ حاصل ہوگئے ان میچوں میں ریفری کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری خالد ممتاز جمی ،انیس اختر،عبدالغفور بلوچ،سراج الدین طالب نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر منور خان اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔