لاہور (جیوڈیسک) سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل رٹائرڈ حمید گل نے کہا ہے کہ بھارت سے مذاکرات کا مطلب یہ نہیں کہ ہم مسئلہ کشمیر پر کمپرومائز کر لیں۔
جنرل ریٹائرڈ حمید گل نے کہاکہ پاکستان کو بھارت سے مذاکرات سے کبھی انکار نہیں کرنا چاہیے۔ اگر امریکا کو پاکستان کی بہت اشد ضرورت پڑگئی ہے تواس کو چاہیے کہ کشمیر کا مسئلہ حل کرانے میں کردار ادا کرے۔ اگر بھارت کی پاکستان کے ساتھ کشیدگی برقرار رہتی ہے تو نریندر مودی جو ترقی کے نعرے پر سامنے آئے ہیں وہ کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ ہمیں بہت واضح انداز میں بتادینا چاہیے کہ اگر وہ تجارتی تعلقات چاہتے ہیں افغانستان تک رسائی چاہتے ہیں تو اس کا راستہ سری نگر سے ہوکر آئیگا۔
حمید گل کا کہنا تھا کہ اصل میں امریکہ نہیں چاہتا کہ کشمیر کا مسئلہ حل ہو اگر امریکا اپنے مفادات کی خاطر چاہے تو بھارت کو گردن سے پکڑ کر مسئلہ حل کرنے میں کردار ادا کرسکتا ہے۔ انھوں نے کہا خارجہ پالیسی کو جنرل راحیل شریف ہی ڈیل کر رہے ہیں، فوج کا جھگڑا آر ایس ایس سے ہوسکتا ہے لیکن وہ مذاکرات کیخلاف نہیں ہے۔ بھارت کا افغانستان میں رول کم ہوتا جارہا ہے۔