دبئی (جیوڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں کھلاڑیوں اور ٹیموں کی رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق 10 بہترین بیٹسمینوں کی فہرست میں کوئی پاکستانی بیٹسمین شامل نہیں جب کہ سعید اجمل کرکٹ کے میدانوں سے دوری کے باوجود بہترین بولرز کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔
دس بہترین ٹیموں کی فہرست میں آسٹریلیا 54 میچز میں 120 ریٹنگ کے ساتھ سرفہرست ہے جب کہ زمبابوے سے جیت کے باوجود قومی ٹیم ساتویں نمبر پر ہے۔ فہرست میں بھارت دوسرے، جنوبی افریقا تیسرے، سری لنکا چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، انگلینڈ چھٹے اور ویسٹ انڈیر آٹھویں نمبر پر ہے۔
ایک روزہ میچز میں قومی ٹیم کا کوئی کھلاڑی 10 بہترین کھلاڑیوں میں جگہ نہ بناسکا، جنوبی افریقا کے کپتان اے بی ڈویلیئرز پہلی پوزیشن پرقبضہ جمائے ہوئے ہیں جب کہ جنوبی افریقا کے ہی ہاشم آملہ اور سری لنکا کے وکٹ کیپر بلے باز کمارسنگاکارا 849 پوائنٹس کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں، بھارت کے ویرات کوہلی چوتھے اور سری لنکا کے تلکرانے دلشان پانچویں نمبر پر ہیں، قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق فہرست میں 13ویں نمبر پر ہیں۔
کرکٹ کے میدانوں سے دور قومی ٹیم کے جادوگر اسپنر سعید اجمل ایک روزہ میچز میں بولنگ کے شعبے میں 733 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ دوسرے نمبر پر آنے والے ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن بھی ان دنوں پابندی کا شکار ہیں لیکن فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، جنوبی افریقا کے ڈیل اسٹین 708 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، عمران طاہر چوتھے اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک پانچویں نمبر ہیں۔ آل راؤنڈر پرفارمنس میں سری لنکا کے تلکرانے دلشان 409 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بنگلایش کے شکیب الحسن دوسرے، سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز تیسرے، محمد حفیظ چوتھے اور شاہد آفریدی پانچویں نمبر پر ہیں۔