اسلام آباد(جیوڈیسک) نواز شریف نریندر مودی ملاقات کے 9 ماہ بعد پاک بھارت سیکرٹری خارجہ سطح کے تعلقات بحال ہوگئے ہیں، بھارتی خارجہ سیکرٹری سبرامنیئم جے شنکر دو روزہ دورے پر آج پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ طویل عرصہ بعدبھارت کےسیکرٹری خارجہ کےدورہ پاکستان سے دونوں ملکوں کےدرمیان جمی برف پگھلنے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ ترجمان دفترخارجہ تسنیم اسلم کاکہنا ہے کہ ایس جے شنکر کے دورہ پاکستان کے دوران تمام تصفیہ طلب امور زیر بحث آئیں گے۔ بھارتی سیکریٹری خارجہ کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تمام تنازعات سمیت باہمی امور پر بات چیت کی جائے گی، سیاچن، سرکریک، جموں کشمیر، اعتماد سازی کے اقدامات، سیکیورٹی اور اسٹریٹجک استحکام، عوامی سطح پر رابطوں میں بحالی اور تجارت سمیت تمام امور زیر بحث آئیں گے۔ پاکستان میں اس دورے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے
تو دوسری جانب بھارتی میڈیایہ واویلا کرتا دکھائی دیتا ہے کہ یہ دورہ پاکستان نہیں سارک یاتراہے۔ خارجہ امور کے ماہرین کاکہنا ہے کہ امریکی دباؤ اور اقوام متحدہ کا مستقل رکن بننے کا خواب بھارت کو پاکستان لا رہا ہے،زیادہ توقعات باندھنا خوش فہمی سے زیادہ کچھ نہیں۔ سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ خطے میں قیام امن کے لئے پاک بھارت مذاکرات کے اچھے آغاز کو نتیجہ خیز پیش رفت میں بدلنا بھی ضروری ہے۔