معاشرتی بھلائی کے لئے انسانی اقدار کا فروغ بنیادی اہمیت رکھتا ہے، پرویز مسیح

Pervez Masih

Pervez Masih

لاہور (ایم اے تبسم سے) جب تک ہم تعمیری اور مثبت رویے تخلیق نہیں کریں گے تب تک معاشرتی ترقی کی راہیں ہموار نہیں ہوسکتیں کیونکہ انسانی اقدار کے فروغ میں سماجی واخلاقی کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف سماجی رہنماء ویونائیٹڈ کرسچن فیڈریشن کینیڈا کے صدر پرویز مسیح نے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اپنے دورہ پاکستان کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے دورہ پاکستان کا مقصد ان تمام مسائل کی وجوہات کو جاننے کی عملی کوشش ہے جو گزشتہ 68 سالوں سے اقلیتوں کے استحصال ،ناانصافی وپریشانیوں کا سبب بن رہی ہیں۔

اس کے علاوہ میں نے لاہور، قصور، فیصل آباد سمیت پاکستان کے مختلف علاقوں میں تعلیم،صحت اور دیگر جاری منصوبہ جات کا جائزہ لینا اور انہیں مزید بہتر انداز میں تکمیل کرنا ہے جس سے وہ موثر بن سکیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے تحریک پاکستان سے قیام پاکستان اور تشکیل پاکستان سے تکمیل پاکستان تک ہمیشہ وفاداری اور قربانی کا ثبوت دیا ہے اس حوالے سے دیوان بہادر ایس پی سنگھا کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔پرویز مسیح نے کہا کہ عالمی برادری دنیا بھر خصوصاً پاکستان میں تیزی سے بدلتے ہوئے حالات سے بے خبر نہیں بلکہ گہری تشویش رکھتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم جنس پرستی کے قوانین کے خلاف انہوں نے کینیڈا میں ایک تحریک شروع کررکھی ہے جس میں مسلم،کرسچن،ہندو ،سکھ ودیگر تمام سول سوسائٹی بھی ہمارے ساتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پاکستانی معاشرے کو صحت مند اورمسیحی عوام کو خوشحال دیکھنا چاہتے ہیں جس کے لئے یونائیٹڈ کرسچن فیڈریشن کے رہنمائوں برکت مسیح گل، خالدگل، خالدسردار، محترمہ نائلہ نذیر ودیگر ساتھیوں کی خدمات لائق تحسین ہیں۔

اس کے علاوہ ہم نیازبیگ لاہور یوسی ایف سکول کی اپ گریڈیشن،جناح ہسپتال کے نزدیک سستے ترین لیب یونٹ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینا ہے۔ میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے پرویز مسیح نے کہا کہ جہالت کے خلاف روشنی کے سفر اورقوموں کی ترقی میں میڈیا کا کردار تاریخی ومثالی رہا ہے۔ ہم دل سے میڈیا کی قدر کرتے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ، عوامی محبت گروپ کے چیف ایگزیکٹو اقبال کھوکھر، قومی کمیشن برائے امن و انصاف کے پروگرام انچارج عابد گل اور سماجی کارکن فرخ بھی موجود تھے۔