مصباح کا عمران خان سے موازنہ کرنا غلط ہے، عاقب جاوید

Aqib Javed

Aqib Javed

نیپیئر (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات کے کوچ اور سابق پاکستانی پیسر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کا عمران خان سے موازنہ غلط ہو گا اور حالیہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم جیتنے نہیں بلکہ ہار سے بچنے کیلیے کھیل رہی ہے ایسے میں ٹرافی پانا مشکل ہو گا۔

یو اے ای کے کوچ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم جس طرح سے ورلڈ کپ میں اب تک کھیلی اسے دیکھتے ہوئے ہم اسے ہرانے کیلیے پرامید ہیں، فتح کیلیے یو ا ے ای سے زیادہ پاکستانی ٹیم دباؤ کا شکار ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 1992 کے کپتان عمران خان اور موجودہ قائد مصباح الحق کا موازنہ ہی غلط ہے، عمران میں قائدانہ صلاحیت بہت مضبوط تھیں اور اس وقت ہم ورلڈ کپ صرف لیڈر شپ کی وجہ سے جیتے تھے۔

موجودہ پاکستانی ٹیم کا یہ کارنامہ دہرانا بہت مشکل ہے، یہ ٹیم جیتنے نہیں بلکہ ہار سے بچنے کے لیے کھیل رہی ہے، یو ا ے ای کی ٹیم بڑی بڑی ٹیسٹ ٹیموں جتنی مضبوط تو نہیں لیکن جس طرح اس ورلڈ کپ میں کھیل رہی ہے ایسے میں کسی بھی حریف کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔