لاہور (جیوڈیسک) سی سی پی او کیپٹن (ر) امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کی ہدایت پر لاہور پولیس نے شہر میں پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے پولیس پبلک سکول بنانے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔
اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ لاہور پولیس میں اہلکاروں کی تعداد 26 ہزار سے زائد ہے اور شہر میں کوئی بھی پولیس پبلک سکول نہیں ہے جہاں پولیس ملازمین کے بچے مفت تعلیم حاصل کر سکیں۔
پولیس ملازمین کے بچوں کی ویلفیئر کیلئے لاہور پولیس نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ایک پولیس پبلک سکول تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہر میں دوسری جگہ پولیس پبلک سکول بنانے کیلئے زمین کے حصول کی خاطر مراسلہ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو بھجوا دیا گیا ہے۔دونوں پولیس پبلک سکولوں کی تعمیر لاہور پولیس کے ویلفیئر فنڈ سے کی جائے گی۔