آئی ایس آئی نے بھارتی پیش قدمی کا خفیہ منصوبہ خاک میں ملادیا

Borders

Borders

نئی دہلی (جیوڈیسک) 2014 ءمیں آئی ایس آئی نے بھارتی آرمی کے اس وقت ہوش اڑا دیے، جب سرحدوں پر فوجوں کی پیش قدمی کاخفیہ منصوبہ پاکستان کے ہاتھ لگ گیا اور بھارت سے پہلے پاکستان کی فوجیں سرحد پر بھیج دیں ۔بھارتی فوج کی ہوشیاری دھری کی دھری رہ گئی۔ جو راجستھان اور کشمیر میں پاکستان کی سرحدوں پر فوجیں بھیج رہی تھی، لیکن شطرنج کی بساط پر بھارت سے پہلے پاکستان نے چال چل دی اور اپنے سپاہی سرحدوں پر پہنچا دئیے، اس پر بھارتی بھی سٹ پٹاگئے۔

بھارت کے اپنے میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ہے فروری 2014 کا جب اس وقت کے وزیردفاع اور آرمی چیف بکرم سنگھ نے انتہائی خفیہ ملاقات میں فوجوں کی تعیناتی کا منصوبہ بنایا۔ آرمی چیف نے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کو فوجوں کی نقل وحرکت کے احکامات دیے جو لگے ہاتھ آئی ایس آئی تک پہنچ گئے۔ اور کچھ ہی دیر میں پاکستان نے فوجیں روانہ کرکے بھارتی عزائم ناکام بنا دئیے۔

پاکستانی کی پیشگی کارروائی پر بھارت میں دفاع کے مرکز ساؤتھ بلاک میں کھلبلی اور خبر لیک کرنے والے کی ڈھونڈ مچی ۔سیکیورٹی انتظامات کا از سرنوجائزہ لیا گیا کہ کس طرح معلومات تک بیرونی رسائی کو روکا جائے۔ خفت مٹانے کیلئے بھارتی حکام دعویٰ تو کررہےہیں کہ خبر لیک کرنےو الا گھر کا بھیدی پکڑا گیا ہے اور اس کا کورٹ مارشل کیا گیاہے۔