لاہور : مجلس وحد ت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی وفاقی اور صوبائی حکومت ناکامیوں کے ریکارڈ قائم کر رہی ہے ‘بجلی کی لوڈ شیڈنگ ، مہنگائی اور بیر وزگاری جیسے مسائل نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ‘دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے جسے وہ پورا کرنے میں کسی بھی صورت کامیاب ہوتے نظر نہیں آ رہے جو ان کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بدھ کے روز اپنے دفتر میں مختلف علاقوں سے آنے والے ایم ڈبلیو ایم کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہاکہ حکمرانوں نے انتخابی مہم کے دوران بڑی بڑی بڑھکیں مار کر ملک میں چند ماہ میں ہی دودھ اور شہد کی نہریں بہانے کی بات کی لیکن اقتدار میں آتے ہی ان کے تمام دعوے اور وعدے دھرے کے دھرے رہ گئے اور دو سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود حکمران بجلی کی لوڈ شیڈنگ مہنگائی ، بے روزگاری اور امن و امان کے قیام میں بہتری سمیت کوئی بھی وعدہ پورا نہ کر سکے اور یہ حکمرانوں کی نا اہلی اور ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے حکمرانوں کی کوتاہیوں کی سزا پاکستانی عوام کو مل رہی ہے جو کسی عذاب سے کم نہیں۔