ریاض (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ دشمن ہیں، ان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری ،توانائی اور بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ وزیر اعظم نواز شریف سعودی فرمانروا کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب پہنچے تو شاہ سلمان بن عبد العزیز نے پروٹوکول کو بالائے طاق رکھ کر ائیرپورٹ پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزارت اطلاعات کے مطابق سعودی فرمانروا نے پہلی بار کسی سربراہ حکومت کا خود استقبال کیا۔ وزیراعظم نوازشریف کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات بھی ہوئی، دونوں رہنماوں نے علاقائی صورت حال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے سیاسی تعلقات محدود نہیں، عوام کا قلبی تعلق ہے۔
دونوں ملک مشترکہ مذہبی اور تہذیبی اقدار سے بندھے ہوئے ہیں، شاہ سلمان کے دور میں دوطرفہ تعلقات بلندیوں کو چھوئیں گے۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کا سلامتی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا وعادہ بھی کیا گیا۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران عمرہ کی ادائیگی کے علاوہ روضہ رسول پر بھی حاضری دیں گے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور عرفان صدیقی بھی ہیں۔