سرکاری تعلیمی اداروں کی طرح نجی سکولوں کو بھی سیکیورٹی معاملات بہتر بنانا ہونگے۔ عظمت محمود

Security

Security

وزیرآباد (جی پی آئی) سرکاری تعلیمی اداروں کی طرح نجی سکولوں کو بھی سیکیورٹی معاملات بہتر بنانا ہونگے اور ضلع کے تمام تراداروں میں کسی قسم کی غیرنصابی سرگرمیاںمنعقد کروانے کی اجازت نہ ہوگی اور بچوں کو سالانہ نتا ئج پر انعامات کی تقسیم بھی کلاسز میںہی کرنا ہونگی۔ان خیالات کا اظہار ڈی سی او گوجرانوالہ عظمت محمود نے آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک شکیل احمد سے ملاقات پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی عمارتیں کمرشلائزیشن کے زمرے میںآتی ہیں۔ لہذاء ان کانقشہ بھی کمرشل بنیادوں پر منظور کیاجائے گا۔ انہوں نے سیکیورٹی صورتحال پر مزید کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کو اپنے پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈز تعینات کرنے ہونگے۔

چیئرمین ملک شکیل احمدنے ڈی سی او گوجرانوالہ سے کہا کہ گارڈز کو ذاتی اسلحہ فراہم کرنے کے لئے ہمیں اسلحہ لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جائے جس پر انہوں نے کہا کہ اس کے لئے آپ کو وزارت داخلہ سے رجوع کرنا ہو گا ہم کسی چوکیدار یا گارڈ کو اسلحہ لائسنس فراہم کرنے کا رسک نہیں لے سکتے۔

انہوں نے کہا کہ سکولز سیکیورٹی انتظامات مکمل نہ کریں گے ان کے خلاف ایکشن لیا جا ئیگا۔