کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ کورنگی پی ایس 123 کے صدر اعظم خان درانی نے کہا کہ کورنگی نادرا سینٹرکا عملہ بنگالی بولنے والے پاکستانیوں سے توہین آمیز رویہ بند کر لے ورنہ عملے کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ یہ بات پی ایس 123 کے صدر اعظم خان درانی نے کورنگی نمبر 4 نادرا شناختی کارڈ دفتر کے دورے کے موقع پر کہی۔
انہوں نے کہا کہ نادرا کے عملے نے غریب عوام سے لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے۔ اور صبح 6بجے سے لائنوں میں لگنے والے لوگوں میں سے 30- 35 افراد کو ٹوکن دیا جاتا ہے باقی ایجنٹ حضرات 1500, 1000 لیکر بغیر لائنوں کے لوگوں کے کارڈ بنوا رہے ہیں۔ بنگالی بولنے والے پاکستانیوں جنکے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ کی مدت ختم ہوگئی ہے۔
ان شناختی کارڈ کا دوبارہ اجراء نہیں کیا جا رہا بنگالی بولنے والے پاکستانیوں کے سینکڑوں بچے ب فارم کا اجراء نہ ہونے کی وجہ سے اسکولوں میں داخلوں سے محروم ہیں۔ اعظم خان درانی وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے نادرا کورنگی سینٹر کے انچارج کی برطرفی کا مطالبہ کیا نادرا دفتر کے دورے کے موقع پر اعظم خان درانی کے ہمراہ PS-123 کے جنرل سیکریٹری اختر مہدی ، سیکریٹری اطلاعات رضوان خان، افسر خان، محمد فاروق کے علاوہ پیپلز پارٹی یوتھ کے امیر جمیل لودھی، عمران اعجاز ، ذیشان قریشی بھی انکے ہمراہ تھے۔