وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) خواتین کے حقوق کے عالمی دن کے حوالہ سے وزیرآباد میں ایک تقریب کا انعقاد گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد رائو سہیل اختر تھے۔ اس موقعہ پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر میر آفتاب احمد، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر زنانہ ساجد ہ پروین، شاہدہ عارف، صدر پریس کلب دھونکل محمود احمدخان لودھی،صدر صحافت بچائو تحریک سید شہبازبخاری، عمران رسول بٹ ،سیٹھ عارف،راشد بھٹہ ا ور دیگر بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر رائو سہیل اختر نے کہا کہ خواتین اپنے حقوق کی جنگ صدیوں سے لڑتی چلی آرہی ہیںدین اسلام وہ واحد مذہب ہے جس نے سب سے پہلے عورت کو اس کے حقوق دلوائے۔خواتین دنیا کی آباد ی کا نصف سے زائد ہیں۔
خواتین کے حقوق کے استحصال کا سلسلہ ختم کئے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا اور ایسے سماج کا آغاز کرنے کے لیے خواتین کو بھی منظم اور شعوری جدوجہد کی ضرورت ہے۔موجودہ دور میں شعبہ تعلیم، شعبہ صحت سے لیکر ایوان اقتدار تک ہر جگہ خواتین اپنا کردار ادا کرتی نظر آتی ہیں پاکستان میں بھی اب کوئی شعبہ ایسا نظر نہیں آتا جو خواتین کی صلاحیتوں سے استفادہ حاصل نہ کررہا ہو۔ رائو سہیل اختر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے خواتین کے حقوق کی بحالی کے انقلابی اقدامات سرانجام دیئے ہیں پنجاب حکومت ملکی تاریخ میں پہلی بار صوبائی سطح پر خاتون محتسب کا تقرر عمل میں لائی ہے تاکہ خواتین کو ہراساں کرنے اور وراثتی حق سے محروم کرنے کی صورت میں فوری قانونی کاروائی عمل میں آسکے جبکہ ورکنگ ویمن ہاسٹلز کا قیام،یکساں اجرت کاقانون ،وراثتی قوانین میں ترامیم سے خواتین کو بہت فائدہ پہنچے گا۔تقریب سے ثوبیہ حمید،صائمہ شہزادی،پاکیزہ اشفاق، رضیہ سلطانہ ؛ مجاہدہ بھٹی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے خواتین کی سماجی،معاشی اور سیاسی خودمختاری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔