پاکستان میں ہندو برادری نے رنگوں کا تہوار ہولی خوب دھوم دھام سے منایا

Holi

Holi

کراچی (جیوڈیسک) دنیا بھر کی طرح کراچی میں بھی ہندو برادری نے ہولی کا تہوار انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا۔ سوامی نارائن مندر میں ہولی کی مرکزی تقریب میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ہولی کی خوشی میں گھروں اور محلوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔

ہولی کی تقریب میں شریک لڑکے، لڑکیوں اور بچوں نے ایک دوسرے پر رنگ پھینک کر خوشی کا اظہار کیا۔ ہندو برادری نے ہولی کی خوشی میں مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔ ادھر لاہور میں بھی ہندوؤں کا رنگوں بھرا تہوار ہولی منایا گیا۔ ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے بھی ڈالے گئے اور رقص بھی ہوا۔

لاہور کے کرشنا مندر میں ہولی کا تہوار منانے کی تقریب ہوئی جس میں موقع کی مناسبت سے خصوصی نغمے بھی پیش کئے گئے۔ شرکاء نےایک دوسرے پر خوب رنگ پھینک کر ہولی منائی اور دل کھول کر ڈانس کیا۔

تقریب میں شریک لوگوں کا کہنا تھا کہ یہ تہوار بہار کی آمد کا اعلان کرتا ہے اور اسی لئے لوگ ایک دوسرے پر پھولوں جیسے رنگ پھینک کر ہولی کھیلتے ہیں۔ ہولی کی تقریب میں مسلمانوں نے بھی مذہبی رواداری کے جذبے کے تحت شرکت کرکے پاکستان میں مذاہب کے احترام کا پہلو اجاگر کیا۔