پرتھ (جیوڈیسک) ایک بھارتی صحافی نے انڈین کرکٹر ویرات کوہلی کے خلاف باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو شکایت کر دی ہے۔
واضع رہے کہ گزشتہ دنوں آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں ایک ٹریننگ سیشن کے دوران ویرات کوہلی نے ایک صحافی جسوندر سدھو پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت زبان کی تھی۔ ایک رپورٹ کے مطابق سدھو نے آئی سی سی کو درج کروائی گئی اپنی شکایت میں کہا ہے کہ کوہلی نے ان کے خلاف بغیر کسی وجہ کے ناشائستہ زبان استعمال کی۔
ادھر بھارتی اخبار نے بھی انڈین کرکٹ بورڈ کو اس حوالے سے شکایت کر دی ہے۔ ہندوستانی حکام کا کہنا ہے کہ کوہلی نے ناشائستہ زبان استعمال نہیں کی اور یہ صرف ایک غلط فہمی کا نتیجہ تھا۔
اپنے آرٹیکل میں سدھو نے لکھا ہے کہ ویرات کوہلی مسلسل ان کی جانب غصے میں اشارہ کر رہے تھے اور ان کی جانب سے استعمال کئے جانے والے ناشائستہ کلمات انہوں نے خود سنے تھے۔
سدھو کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے تقریباً 10 منٹ بعد وایرت کوہلی ڈریسنگ روم سے پھر باہر آئے اور ان کی جانب مسکراتے ہوئے ہاتھ لہرایا جبکہ بعد ازاں کوہلی نے ایک اور صحافی کے ذریعے معذرت بھی کی۔