ڈاکٹر فیاض امن پسند مذہبی طبقے کا درد رکھنے والے انسان تھے، مفتی محمد نعیم

Mufti Mohammad Naeem

Mufti Mohammad Naeem

کراچی: جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے ڈاکٹر فیاض کی شہادت پر ان کے اہلخانہ و لواحقین سے ان کے گھر میں اظہار تعزیت کرتے ہوئے اندوہناک اور بیہیمانہ قتل پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ڈاکٹر فیاض نڈر، امن پسند اور مذہبی طبقے کا درد رکھنے والے انسان تھے، ان کا قتل شہر قائد کے امن کا قتل ہے، قتل میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے، علماء طلبہ اور مذہبی طبقے کو تحفظ فراہم کیا جائے،۔

ہفتہ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم وشیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے گذشتہ روز شہید ہونے والے اہلسنت والجماعت کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فیاض کے لواحقین و سوگواران سے ان کے گھر عابد آباد جاکر اظہار تعزیت کی، اس موقع پر مولانا غلام رسول، مولانابشیر احمد نقشبندی ، مولانا عبدالحمید تونسوی ، مولانا سیف اللہ ربانی، مولانا فرحان نعیم سمیت دیگر بھی موجود تھے اس موقع پر مفتی محمد نعیم نے کہا کہ مذہبی طبقے کو ہرطرف سے ٹارگٹ کا نشانہ بنایا جارہاہے ،عرصہ دراز سے شہر میں آئے روز ٹارگٹ کلنگ میں علماء ، طلبہ اور مذہبی طبقے کونشانہ بنایا جا رہا ہے تو کبھی عبادت گاہوں پر حملے کئے جارہے ہیں، ملک وملت دشمن مذموم کاروائیوں کے ذریعے وطن عزیز میں عراق وشام جیسی صورتحال پیدا کرناہے، ھکومت خموش تماشائی بنی ہوئی ہے ،آپریشن کے نام پرعلماء کوبے وقوف بنایاجا رہا ہے۔

کیا وجہ ہے کہ حکومت ٹارگٹ کلنگ کوروکنے میں مسلسل ناکام ہوتی نظرآتی ہے، انہوں نے کہا کہ شہر قائد میں مذہبی طبقے کی آئے روز ٹارگٹ کلنگ افسوسناک حدتک بڑھ چکی ہے،جاری آپریشن کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کا نہ روکنے والا سلسلہ سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

اس موقع پر مفتی محمد نعیم نے ڈاکٹر فیاض شہید کے بلندی درجات کی دعا کرائی اور لواحقین اور سوگوران کو صبر کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت کے اعلی درجات عطاء فرمائے اور لواحقین ، سوگواران کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر فیاض سمیت دیگر علماء کرام کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔