کولمبو (جیوڈیسک) ڈیوس کپ گروپ 2 ایشیا اوشیانا زون میں پاکستان نے کویت کو دلچسپ مقابلوں کے بعد 3-2 سے شکست دیکر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔
ٹائی میں 2-1 کی سبقت رکھنے والی قومی ٹیم کو اتوار کے دن منعقدہ پہلے ریورس سنگلز میں ناکامی کا سامنا رہا، جس پر کویت ٹائی میں واپس آیا تاہم فیصلہ کن معرکے میں عقیل نے حواس قابو میں رکھتے ہوئے سید ہاشم داؤد کو ٹھکانے لگاکر قومی ٹیم کی پیشقدمی جاری رکھی۔
تیسرے اور فیصلہ کن مرحلے میں پہنچنے کے لیے پاکستان کو اب انڈونیشیا کا چیلنج درپیش ہو گا، یہ مقابلے 17 سے 19 جولائی تک شیڈول ہیں۔تفصیلات کے مطابق ڈیوس کپ گروپ 2 ایشیا اوشیانا زون مقابلوں کے تیسرے اور اختتامی دن اتوار کو ریورس سنگلز میں کویت اور پاکستان کے درمیان گھمسان کا رن پڑا۔
پاکستان نے اسٹار اعصام الحق کی جگہ دن کے پہلے ریورس سنگلز میں عابد علی خان اکبر کو میدان میں اتارا، کویت کے محمد غاریب نے اس سے قبل ابتدائی سنگلز میں عقیل خان کو بھی ہرایا تھا اور وہ اس مرتبہ بھی پاکستان کے دوسرے پلیئر عابد پر بھاری پڑے، پہلے سیٹ میں دونوں پلیئرز نے ایک ایک پوائنٹ کے لیے جان لڑائی۔
تاہم ٹائی بریکر پر فتح 7-6(7/5) سے عابد کا مقدر بنی، کویتی کھلاڑی نے دوسرے سیٹ میں 6-3 سے کامیاب ہوکر مقابلہ 1-1 کیا، عابد نے تیسرے سیٹ میں بازی پلٹتے ہوئے 6-1 سے فتح کو گلے لگایا، تاہم غاریب نے تیسرا اور چوتھا سیٹ بالترتیب 6-3 اور6-2 سے جیت کر کویت کو ٹائی میں واپسی کا موقع دے دیا، ان کی کامیابی سے دونوں ٹیموں کا اسکور 2-2 ہوگیا۔
فیصلہ کن اور اختتامی ریورس سنگلز میں عقیل خان کے کاندھوں پر بھاری ذمے داری آن پڑی لیکن انھوں نے عمدگی سے اسے نبھاتے ہوئے دوسرے کویتی کھلاڑی سید ہاشم داؤد کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-2،6-1 اور 6-2 سے ٹھکانے لگادیا، پاکستان اب دوسرے راؤنڈ میں 17 سے 19 جولائی کو شیڈول ٹائی میں انڈونیشیا کا سامنا کرے گا۔
انڈونیشیا نے پہلے مرحلے میں ایران پر غلبہ پا لیا، فرسٹ راؤنڈ کے دیگر میچز میں چائنیز تائپے نے لبنان پر 4-0 سے ہاتھ صاف کر لیا جبکہ فلپائن نے سری لنکا کے خلاف 5-0 سے کلین سوئپ کرتے ہوئے اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کی۔ تیسرے اور فیصلہ کن راؤنڈ میں کامیاب رہنے والی ٹیم آئندہ برس گروپ ون میں ترقی حاصل کر پائے گی۔