ڈینیئل ویٹوری کے لئے 300 وکٹیں لینے والے پہلے کیوی بولر کا اعزاز

Daniel Vettori

Daniel Vettori

نیپیئر (جیوڈیسک) ڈینیئل ویٹوری ون ڈے انٹرنیشنل میں300 وکٹیں لینے والے پہلے کیوی بولر بن گئے، عالمی فہرست میں ان کی پوزیشن 12 ہے، جس میں سابق سری لنکن اسپنر مرلی دھرن 534 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر ہیں۔

ویٹوری نے یہ سنگ میل اتوار کو افغانستان کیخلاف ورلڈ کپ میچ میں عبور کیا، میچ سے قبل ان کی مجموعی وکٹوں کی تعداد 298 تھی، 36 سالہ ویٹوری نے افغان اوپنر عثمان غنی کو اپنی پہلی گیند پر صفر کی خفت سے دوچار کیا اور پھر نوروز مینگل کو میدان بدر کرکے انھوں نے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی 300 وکٹیں مکمل کرلیں، انھوں نے اس مقابلے میں 18رنز کے بدلے 4 پلیئرز کو پویلین رخصت کیا، اس طرح ان کی مجموعی وکٹیں اب 302 ہوگئی ہیں۔

میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ویٹوری نے کہا کہ اصل ورلڈ کپ کوارٹر فائنلز مرحلے سے شروع ہوگا، ان کے خیال میں ٹورنامنٹ ابھی تک باقاعدہ ردھم حاصل نہیں کر پایا ہے۔ 300 وکٹیں کے سنگ میل عبور کیے جانے پر انھوں نے کہا کہ ٹیم کی کامیابی میرے لیے اہم ہے، ہماری ٹیم اب تک اپنے تمام پانچوں میچز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے اور ہم ناک آؤٹ مرحلے میں بھی اسی روش کو برقرار رکھنا چاہیں گے، کوارٹر فائنلز ہی وہ مرحلہ ہے جہاں سے اصل میں ٹورنامنٹ شروع ہوگا، پول مرحلہ اتنا زیادہ اہم نہیں ہے۔

گذشتہ دنوں پاکستان کے ہاتھوں جنوبی افریقہ کی 29 رنز سے غیرمتوقع شکست پر انھوں نے کہا کہ تمام ٹیموں کے پاس میچ ونرز موجود ہیں جو انھیں ناک آؤٹ مرحلے میں لے جاسکتے ہیں، کوارٹر فائنل میں کوئی بھی ٹیم آپ کے مقابل پہنچ سکتی ہے، اسی طرح کسی بھی ٹیم کے بارے میں یہ فرض نہیں کرسکتے کہ وہ اچھا نہیں کھیل رہی یا آؤٹ آف فارم ہے۔