مقامی خودمختاری کا نفاذ قومی ایجنڈہ بنایا جائے۔ روشن پاکستان پارٹی

Karachi

Karachi

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ پاکستان آج جن مسائل و مصائب اور مشکلات و بحرانوں سے دوچار ہے ان سے نجات کیلئے ایک ایسے قومی ایجنڈے کی ضرورت ہے جس پر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا اتفاق ہواور اس قومی ایجنڈے میں عوامی مفادات کو سب سے زیادہ اہمیت حاصل ہو کیونکہ اس وقت پاکستان استحصال ‘ نا انصافی ‘ بد امنی ‘ دہشتگردی ‘ غربت ‘مہنگائی ‘ بیروزگاری اور معاشی بد حالی کے ساتھ توانائی بحران سے بھی دوچار ہے۔

ان سب سے نجات کا واحد راستہ یہی ہے کہ پاکستان مقامی خود مختاری نافذ کی جائے اور اختیارات کو نچلی سطح پر تقسیم کرکے عوام کو شریک اقتدار بنایا جائے اور قومی پالیسی کے تحت تمام ڈویژنوں کو اپنی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پالیسی سازی کی ذمہ داری و اختیارات دیئے جائیں۔

تنظیم محب وطن روشن پاکستان کے چیئرمین امیر پٹی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم آر پی کے پیش کردہ قومی خود مختاری کے فارمولے پر عملدرآمد کو قومی ایجنڈہ قرار دیا جائے تو پاکستان کو تمام مسائل اور بحرانوں سے نجات دلائی جاسکتی ہے اور عوام کے تمام مسائل کا حل یقینی بناکر ملک و قوم کے مستقبل کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔