کراچی (جیوڈیسک) قومی ادارہ صحت نے ملک میں مزید 3 پولیو کیسز کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد رواں سال اب تک پولیو کیسوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔
قومی ادارہ صحت کے اعدادوشمارکے مطابق سندھ میں 2 جبکہ بلوچستان میں ایک کیس رپورٹ ہواہے، ماہرین طب کے مطابق پولیو کا وائرس موسم گرما میں تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ سردموسم کے دوران وائرس کم درجہ حرارت کے باعث کم سرگرم ہوتا ہے۔
2015 کے دوران پولیو کے 7 کیس پختونخوا،5 فاٹا، 2 سندھ اور 2 بلوچستان میں رپورٹ ہوئے۔ واضح رہے کہ 4 مارچ کوعالمی ادارہ صحت نے پاکستانی شہریوں پر بین الاقوامی سفری پابندیوں کی مدت میں مزید 3 ماہ توسیع کااعلان کیا تھا، یہ سفری پابندی گزشتہ سال 5 مئی کوعائدکی گئی تھی اور پاکستانی شہریوں کیلیے بیرون ملک سفر سے قبل انسداد پولیو ویکسین پینا اورانسداد پولیو سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیاتھا۔