ایران ثابت کرے اس کا جوہری پروگرام پرامن ہے، معاہدے پر تیزی سے آگے نہیں بڑھ رہے: جان کیری

John Kerry

John Kerry

پیرس (جیوڈیسک) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا ہے کہ اب یہ ایران پر منحصر ہے کہ وہ دنیا کو یہ دکھائے اور ثابت کرے کہ اس کا جوہری پروگرام واقعی پرامن مقاصد کے لیے ہے، جیسا کہ وہ دعویٰ کرتا ہے۔

کیری نے یہ بات پیرس میں فرانسیسی وزیر خارجہ لورے فیبس اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔ کیری نے جوہری پروگرام پر ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین ہونے والی بات چیت میں پیش رفت کی اطلاع دی۔ تاہم بتایا کہ اس میں ابھی کچھ تعطل ہے۔

کیری نے کہا کہ ہمارے سامنے چند ہفتے باقی ہیں، جو فیصلہ کن نوعیت کے ہیں۔بقول ان کے ہمیں پورا احساس ہے کہ دِن تیزی سے گزر رہے ہیں۔ لیکن ہم اتنی تیزی سے آگے نہیں بڑھ رہے ہیں، جتنی تیز رفتاری سے ہمیں ممکنہ سمجھوتے کی جانب آگے بڑھنا چاہئے۔

ضروری ہے کہ ہم ایک صحیح سمجھوتہ طے کر لیں۔فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ مذاکرات کاروں کو ایک ٹھوس سمجھوتہ درکار ہے جس سے علاقائی سلامتی فراہم ہوتی ہو۔ فیبس نے کیری سے اتفاق کیا کہ اسی ماہ کے اندر سمجھوتے کا خاکہ طے کرنے میں ابھی کافی کام باقی ہے۔