اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین آذربائیجان کے صدر کی دعوت پر آج آذربائیجان کے چار روزہ سرکاری دورے پر باکو روانہ ہوں گے۔
خاتون اول، کابینہ کے ارکان اور سینئر سرکاری عہدیدار صدر کے ہمراہ ہونگے۔پاکستان کی بڑی کمپنیوں کے تاجروں کا نمائندہ وفد بھی صدر کے ساتھ آذربائیجان جائے گا۔
دورے کے دوران دونوں صدور معاونین کے بغیر بات چیت کریں گے۔ جس کے بعد وفود کی سطح کے مذاکرات ہونگے۔
مذاکرات کے دوران معیشت، تجارت، تعلیم، دفاع، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دورے کے دوران مفاہمت کی چار یادداشتوں اور سمجھوتوں پر دستخط کئے جائیں گے۔