کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نائن زیرو سے گرفتار کئے گئے 27 ملزمان کو 90 روز کے لئے رینجرز کے حوالے کردیا۔
رینجرز حکام نے گزشتہ روز ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو اور اطراف کے گھروں سے حراست میں لئے گئے 53 ملزمان کو عدالت میں پیش کردیا، پیش کئے گئے ملزمان میں سے 26 ملزمان ٹارگٹ کلنگ کی 50 سے زائد وارداتوں میں مطلوب ہیں جب کہ 27 کے خلاف دیگر جرائم کے مقدمات درج ہیں۔
ملزمان کی پیشی کے موقع پر عدالت میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، رینجرز اہلکاروں کی بھاری نفری عدالت کے اطراف موجود ہے جب کہ عدالت کے احاطے میں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو داخل ہونے کی اجازت نہیں۔ بعد ازاں عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان سمیت 27 ملزمان کو 90 روز کے لئے رینجرز کے حوالے کردیا۔