سعودی عرب نے سوئیڈن سے سفارتی تعلقات ختم کر دئیے

Saudi Embassy in Stockholm

Saudi Embassy in Stockholm

اسٹاک ہوم (جیوڈیسک) سعودی عرب اور سوئیڈن کے درمیان سفارتی کشیدگی کے بعد سعودی حکومت نے اسٹاک ہوم سے اپنا سفیر واپس بلا لیا ہے۔

سوئیڈن کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب نے اسٹاک ہوم سے اپنا سفیر واپس بلالیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کی وجہ سوئیڈن کی طرف سے سعودی عرب میں انسانی حقوق کی صورتحال اور جمہوریت کے حوالے سے تنقید بتائی گئی ہے۔

سوئیڈن نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ وہ سعودی عرب میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی بنا پر اس کے ساتھ طویل عرصے سے جاری فوجی تعاون ختم کررہا ہے۔

دو روز قبل سعودی عرب نے بھی قاہرہ میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں سوئیڈن کے وزیرخارجہ کے خطاب پر اپنی مخالفت کا اعلان کیا تھا۔

سوئیڈن کے وزیرخارجہ نے گذشتہ مہینے سعودی عرب کی حکومت پر تنقید کرنے والے بلاگر رائف بداوی کو کوڑے لگائے جانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس عمل کو آزادی اظہار کے منافی قرار دیا تھا۔