بلدیہ کورنگی میں متوقع برسات کے پیش نظر رین ایمرجنسی کا نفاذ، تمام محکمہ جاتی افسران اور عملے کی چھٹیاں منسوخ

کراچی : صوبائی وزیر بلدیاتی شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر دوران برسات کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کے لئے بلدیہ کورنگی میں متوقع برسات کے پیش نظر رین ایمرجنسی کا نفاذ کرکے تمام محکمہ جاتی افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کرکے شکایتی مراکز کو فعال بنا دیا گیا۔

ضلع کورنگی کے مکین اپنے زونز کے شکایتی مراکز میں دوران برسات علاقائی مسائل کے حوالے سے شکایات درج کراسکتے ہیں جن کے نمبر ز یہ ہیں شاہ فیصل زون ،99248822۔کورنگی زون،99264417اور لانڈھی زون ،35035730ہیں ۔ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون کے محکمہ جاتی سربراہان کے ہمراہ ضلع کورنگی کا تفصیلی دورہ کرکے رین ایمرجنسی کے حوالے سے جاری انتظامات معائنہ کرتے ہوئے بلدیہ کورنگی کے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے باہمی تعاون کے ذریعے نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے حوالے سے علاقائی سروے کرکے برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی درستگی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں

نشیبی علاقوں میں برساتی پانی کی نکاسی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے بلدیہ کورنگی کے محکمہ ہیلتھ ،پارکس اور الیکٹریکل کے افسران و عملے کو متوقع برسات کے پیش نظر عوام کو دوران برسات سہولیات کی فراہمی اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے عوامی زندگیوں کو محفوظ بنا نے کے لئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی اس موقع پر انہوں نے دوران برسات صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے شاہراہوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے ساتھ صفائی وستھرائی کے نظام کو درست کرنے کی ہدایت کی۔

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے ضلع کورنگی کے تینوں زون شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کو ہدایت کی کہ دوران برسات رین ایمرجنسی کمپلینٹ سینٹر کو 24گھنٹے فعال رکھا جائے اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مسائل سے پاک معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جائے۔

Nishat Zia Qadri Visit

Nishat Zia Qadri Visit

پبلک ریلیشن آفیسر ۔شاہ فیصل زون،بلدیہ کورنگی کراچی