کراچی (جیوڈیسک) محمد عامر ساڑھے چار سال کی طویل پابندی کے بعد پہلی مرتبہ ڈومیسٹک کرکٹ میں جلوہ گر ہوئے، محمد عامر کا کہنا ہے کہ وہ تنقید کرنے والوں کا منہ ڈومیسٹک میں کارکردگی دکھا کر بند کریں گے۔
محمد عامر نے ساڑھے چار سال کی طویل پابندی کے بعد کراچی کی ٹیم عمر ایسوسی ایٹ سے ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی اور اپنا پہلا میچ سی ڈی اے کے خلاف کھیلا۔ محمد عامر کی فزیکل فٹنس میں ساڑھے چار سالوں بعد بہت فرق دیکھنے کو آیا۔ عامر نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں باؤلنگ ردھم بنانے کے لیے ایک ٹورنامنٹ درکار ہوگا۔
قومی فاسٹ باؤلر نے ورلڈ کپ میں شریک قومی ٹیم کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار بھی کیا ۔ اس موقع پر راولپنڈی کرکٹ ٹیم کے کوچ صبیح اظہر کا کہنا تھا کہ عامر نے طویل عرصے بعد کرکٹ میں واپسی کی ہے ، باؤلنگ میں فرق ضرور ہوگا۔
یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ 2 ستمبر کو جب محمد عامر سے پابندی ہٹے گی تو انہیں ٹیم میں شامل کیا جائے گا یا نہیں۔ ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ محمد عامر نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں بہت کچھ سیکھ لیا ہے اور وہ اپنی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے۔