لاہور (جیوڈیسک) ماڈل و اداکارہ نیلم منیر کا کہنا ہے کہ اسے فلم کی آفرز ہیں مگر ابھی تک کوئی ایسا پروجیکٹ نہیں ملا جس میں کام کرنے کے لیے تیار ہو جاؤں، سینما انڈسٹری کی رونقیں بحال ہونا اچھی بات ہے، کرکٹر سرفراز احمد نہیں کوئی اور میری زندگی میں ہے جس کا وقت آنے پر بتاؤں گی۔
ان خیالات کا اظہار ماڈل و اداکارہ نیلم منیر نے نمائندہ ایکسپریس کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ نیلم منیر نے کہا کہ سرفراز احمد سے متعلق خیالات کو بڑھا چڑھاکر پیش کیاگیا‘ صرف سرفراز احمد کی تعریف کی تھی لیکن بعض نے اسے کچھ اور ہی رنگ دے دیا۔ نیلم منیر نے کہا کہ سینما کے ساتھ فلمیں بھی بننے لگی ہیں جنہیں اچھا رسپانس بھی مل رہا ہے، مجھے بھی آفرز آتی رہتی ہیں مگر میں ٹی وی کی طرح بڑی اسکرین پر کچھ ہٹ کر ہی کرنا چاہتی ہوں۔ فلم زیادہ مقبول میڈیم ہے جس میں کام کرنا ہر فنکار کا خواب ہوتا ہے۔
میں خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ لوگ مجھے فلم میں دیکھنا چاہتے ہیں، جلد بازی میں فلم کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہتی کہ بعد میں پچھتانا پڑے۔ لوکل فلم انڈسٹری میںدوبارہ سے کام ہو رہا ہے مگر ابھی ہمیں بڑا پیپر ورک اور محنت کرنے کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب نیلم منیر نے کہا کہ بھارت سے فلموں کے علاوہ وڈیو اور کمرشلز کے لیے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں مگر میں نے صرف اس لیے انکار کر دیا کہ بولڈ مناظر اور قابل اعتراض لباس نہیں پہن سکتی۔
فلمی کیریئر کا آغاز پاکستانی فلم سے ہی کرنا چاہتی ہوں کیونکہ اس ملک نے مجھے عزت، شہرت اور مقام دیا ہے۔ سرفراز احمد کے واقعہ پر انھوں نے کہا کہ ان کی ورلڈکپ میں جنوبی افریقہ میچ میں اچھی کارکردگی کی تعریف کی تھی مگر اسے کچھ اور ہی رنگ دے دیا گیا، جس پر خود بھی حیرانگی ہوئی مگر میں نے ٹی وی پروگرام میں واضح طور پر بتایا تھا کہ میری زندگی میں کوئی خاص ضرور ہے مگر ابھی وہ وقت نہیں آیا۔