پاکستانی ڈرون براق

Dr abdul qadeer khan

Dr abdul qadeer khan

تحریر: فیصل اظفر علوی
کرہ ارض پروز اول سے یہی دیکھنے میں آیا ہے کہ مظلوم کا ساتھ دینے والی اور حق پر قائم جماعتوں کے تعداد میں قلیل ہونے کے باوجود ایک خدائی مدد ان کے ساتھ شامل حال رہی ہے، آپ تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو ماضی میں اس کی بے شمار مثالیں ملیں گی کہ کس طرح معاشی ، معاشرتی اور طبقاتی نظام سے تنگ آکر جب بھی لوگ اپنے حق کے حصول کیلئے کھڑے ہوئے ہیں انہیں ایک اندیکھی قوت نے اندیکھے انداز میں مدد فراہم کی اور بلا شبہ بحیثیت مسلمان ہمارا ایمان ہے کہ وہ اندیکھی قوت خدائے بزرگ و برتر کے رحمن ذات کے سوا کوئی ہو ہی نہیں سکتی، مظلوم اور حق کیلئے لڑنے والے اور حق کا ساتھ دینے والے لوگ چاہے کسی بھی ملک، خطے، قوم یا مذہب سے تعلق رکھتے ہوں ان کے ساتھ ہمیشہ خدائی مدد شامل حال رہی ہے، وطن عزیز پاکستان نے ہمیشہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے اور مظلوموں کا ساتھ دینے کیلئے جہاں تک ممکن ہو سکا وہاں تک اپنا کردار ادا کیایہی وجہ ہے کہ خطے میں موجود جنگی جنون رکھنے والی طاقتوں کی نظر میں پاکستان کا وجود ہمیشہ سے کھٹکتا رہا ہے، محدود اور قلیل ترین وسائل ہونے کے باوجود پاکستانی سائنسدان محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر کی انتھک محنتوں اور کاوشوں اور ساتھی سائنسدانوں کے بھرپور تعاون کے نتیجے میں ایک ترقی پذیر ملک ہوتے ہوئے بھی پاکستان کا ایٹمی قوت بن جانا ان دیکھی خدائی مدد کی ایک شاندار مثال ہے، پاکستان کا ایٹمی پروگرام انتہائی پر امن اور خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کیلئے انتہائی نا گزیر ہے بلکہ اگر یوں کہا جائے کہ پاکستانی ایٹمی پروگرام امت مسلمہ اور پاکستان کی سالمیت یعنی مملکت خداد داد پاکستان کیلئے جینے مرنے کے مترادف ہے تو بے جا نہ ہوگا۔

پاکستان کی مسلح افواج اور دنیا کی بہترین خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی جہاں ملکی سلامتی کی ضامن ہیں وہیں دیگر اسلامی ممالک کیلئے بھی فخر کا باعث ہیں، پاکستانی مسلح افواج کی پوری دنیا میں قیام امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کو کسی صورت پس پشت نہیں ڈالا جا سکتا اس کے بر عکس ہمسایہ ملک سمیت چند دشمن ممالک کے گٹھ جوڑ نے ہمیشہ خطے کے امن و امان کو خطرات کی لپیٹ میں لئے رکھا ہے، ہمسایہ ملک بھارت کا جنگی جنون اور بھارتی دفاعی بجٹ میں خوفناک حد تک اضافے نے خطے کو مزید خطرات سے دوچار کر دیا ہے ایسے حالات میں پاکستانی افواج اور سائنسدانوں کیلئے یہ انتہائی ضروری ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ صلاحتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں، اسی سلسلے کی ایک کڑی پاکستان کا حال ہی میں تیار کردہ ڈرون طیارہ ”براق” ہے ، پاکستانی سائنسدانوں نے ”براق” تیار رکرکے ٹیکنالوجی میں بھارت کی برتری کو ختم کر دیا جس سے پاکستان کے دفاع کو مزید مضبوطی حاصل ہوئی، ماہرین کے مطابق پاکستان کا تیار کردہ ڈرون ”آر پی وی براق” دشمن کے علاقے میں گھس کر اس پر میزائلوں کی بارش کر سکے گا جس کا کامیاب تجربہ ڈرون ”براق” سے لیزر گائیڈڈ میزائل ”برق” فائر کرتے ہوئے ساکن اور حرکت کرتے ہوئے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنا کر کیا گیا، براق ڈرون کے کامیاب تجربے پر پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اس شاندار کامیابی پر قوم، سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔

Buraq Drone

Buraq Drone

صدر پاکستان ممنون حسین، وزیر اعظم محمد نواز شریف اور سابق صدر زرداری نے بھی قوم اور سائنسدانوں کے علیحدہ علیحدہ مبارکباد دی، ڈرون ”براق” کی کامیاب تجربے کے ساتھ ہی ملکی دفاعی اداروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ظاہر ہے کہ ملکی بقا اور سلامتی کی خاطر اپنے دن رات مختص کرنے والے خدائی فوجدار اس شاندار کامیابی پر خوشیاں کیوں نہ منائیں، ڈرون ”براق”کے کامیاب تجربے کے ساتھ ہی پاکستان ڈرون بنانے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیاہے اور ماہرین کا کہنا ہے کہ براق کسی بھی موسم میں اپنے ہدف کو آسانی سے نشانہ بنا سکتا ہے اور پاکستان پر حملے کیلئے بڑھنے والے دشمن کے ٹینکوں کو میلوں دور ہی تہس نہس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جو کہ بلاشبہ پاکستان کیلئے سائنسدانوں کی جانب سے ایک انمول تحفہ ہے، پاکستانی سائنسدانوں کے مطابق آ ر پی وی (Remotely Pkoted Vehicle) ڈرون طیارے کی ایجاد سے دوران جنگ او پی دشمن کے ٹینکوں، توپوں کے عقب میں اتارنے کی ضرورت نہیں رہے گی بلکہ پاکستانی ڈرون طیارے جو انتہائی بلندیوں پر دشمن کے علاقے میں جا کر پاکستانی میزائیلوں، راکٹوں کو ٹھیک نشانوں پر گرانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے، اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل کی رینج اتنی ہے کہ وہ دشمن ٹینکوں کو دشمن کے ہی علاقے میں برق رفتاری کے ساتھ ختم کرنے کی شاندار صلاحیت کا حامل ہے اسی مناسبت سے اس لیزر گائیڈڈ میزائل کا نام ”برق” رکھا گیا ہے۔

”براق” کی ایک اور انتہائی اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس کے نشانے سو فیصد درست ہیں اور اپنے ہدف کو نشانہ بنانے میں ”براق” کسی بھی قسم کی غلطی کا اندیشہ نہیں رکھتا، ڈرون ”براق” اور لیزر گائیڈڈ میزائل ”برق” نے جہاں بلا شبہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو چار چاند لگا دیئے ہیں وہیں دشمن ممالک کو ایک بار پھر ٹیکنالوجی میں منہ کی کھانی پڑی ہے، ڈرون ”براق” کے کامیاب تجربے کے ساتھ ہی دشمن ممالک ایک بار پھر پاکستانی مسلح افواج اور سائنسدانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ورطہ حیرت میں ڈوبے ہوئے ہیں اور پاکستانی ٹیکنالوجی کا مقابلہ کرنے کیلئے آپس میں سر جوڑ کر بیٹھ گئے ہیں جبکہ وہ یہ نہیں جانتے کہ پاکستانی مسلح افواج اور سائنسدانوں کو ملکی سالمیت کیلئے کردار ادا کرنے میںاللہ رب العزت کی غیبی مدد میسر ہے جس کے بغیر پاکستان کا وجود بھی دنیا کے نقشے پر ممکن نہیں۔پاکستانی مسلح افواج اور پاکستانی سائنسدانوں کی عظیم الشان کامیابی پر میں پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور بلا شبہ میرے لئے بھی یہ انتہائی مسرت کا موقع ہے اور دعا ہے کہ اللہ رب العزت پاکستان کی مسلح افواج اور پاکستانی سائنسدان و انجینئرز کو ملکی سالمیت اور حق کا ساتھ دینے کی توفیقات میں مزید اضافہ فرمائے، آمین۔

Faisal Alvi Azfar

Faisal Alvi Azfar

تحریر: فیصل اظفر علوی
0300-5148064