گھوٹکی میں جرگے کا چوری کے الزام میں 2 نوجوانوں کے ہاتھ کاٹنے کا حکم

Ghotki Jirga

Ghotki Jirga

ڈہرکی (جیوڈیسک) بااثر وڈیرے نے چوری کے الزام میں 2 نوجوانوں کے ہاتھ کاٹنے کا حکم جاری کر دیا جس کے بعد دونوں نوجوان نامعلوم مقام پر منتقل کردیے گئے جب کہ پولیس با اثروڈیرے کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔

گھوٹکی کے نواحی گاؤں وریام لغاری میں بااثر وڈیرے انور لغاری کی سربراہی میں جرگہ ہواجس میں رائفل چوری کے الزام میں 2 نوجوانوں عبدالغنی اور محرم لغاری کے ہاتھ کاٹنے کا فیصلہ سنا دیا گیا۔ نوجوانوں کے رشتے دار رمضان لغاری کا کہنا ہے کہ با اثر وڈیرے نے اپنے ہی گھر سے رائفل چوری کا جھوٹا الزام لگا کر خود ہی جرگہ منعقد کر کے بے گناہ نوجوانوں کو سزا سنائی ہے۔

دونوں نوجوانوں کی جان کو خطرہ ہے اور وہ اس وڈیرے کی قید میں ہیں، گھوٹکی پولیس بھی ہماری فریاد سننے کو تیار نہیں، پولیس بااثر وڈیرے کے خلاف کارروائی کرنے سے کترا رہی ہے، با اثر وڈیرے کی جانب سے ہمیں جھوٹے کیسوں میں پھنسا کر جیل بھجوانے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ رمضان لغاری نے مطالبہ کیا کہ با اثر وڈیرے انور لغاری کی قید سے دونوں نوجوانوں کو بازیاب کرایاجائے اور وڈیرے کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔