نجکاری کی پالیسی قومی مستقبل کیلئے خطرناک ہے۔ امیر پٹی

Karachi

Karachi

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) آپریشن راہ نجات کے متاثرین کی گھروں کو واپسی کے عمل کے آغاز پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے روشن پاکستان پارٹی کے قائد وچیئرمین امیر پٹی‘ سینئر وائس چیئرمین فاروق کمال‘ صدر سلیمان راجپوت‘ سینئر وائس چیئرمین اسلم خان‘ یونس سایانی‘جنرل سیکریٹری راجہ محمد انور ایڈوکیٹ‘ فائنانس سیکریٹری اقبال ٹائیگر ‘میڈم انیتا‘ تبسم ناز اور اقبال چاند و دیگر نے کہا کہ شمالی وزیرستان سے دہشتگردوں کا صفایااور متاثرین کی اپنے گھروں پر واپسی افواج پاکستان کی فرض شناسی اور قربانیوں کاثمر ہے۔

افواج پاکستان نے ہمہ وقت ملک و قوم کے دفاع کو یقینی بنانے کے ساتھ ریاسٹی رٹ برقرار رکھنے اور پاکستان کو اندورنی بیرونی سازشوں ودہشتگردی سے محفوظ رکھنے کیلئے بھی جو خدمات انجام دی ہیں وہ قابل توصیف ہیں جبکہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے ملک و قوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے افواج پاکستان کو نہ صرف پوری قوم کی حمایت و اعتماد حاصل ہے بلکہ قوم فوج کی قربانیوں کی معترف بھی ہے ۔امیر پٹی نے پرنٹنگ کارپوریشن آف پاکستا ن کو خسارہ زدہ ادارہ قرار دیکر اس کی نجکاری کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کی اوورہالنگ اور اصلاح کے ذریعے انہیں قومی مفاد میں نفع بخش بنانے کی بجائے کمیشن کی خاطر خسارہ زدہ قرار دیکر ان کی نجکاری کی پالیسی ملک و قوم کے مستقبل کیلئے خطرناک ہے۔