کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف و عمران ٹائیگر کے بانی رہنماء اشرف قریشی نے سندھ میں گورنر راج کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں دہشت گردی اور کرپشن کی بڑھتی ہوئی عفریت کے خاتمے کے لئے اب گورنر راج کا مطالبہ عوامی مطالبہ بن چکا ہے لہذا عوامی مطالبے کو سامنے رکھتے ہوئے سندھ کے گورنر کو تبدیل کرکے غیر جانبدار گورنر کا تقرر کیا جائے انہوں نے شہر میں قیام امن اور دہشت گردی ،ٹارگیٹ کلنگ اور لاقانونیت کے خاتمے کے لئے رینجرز کا بلا تفریق آپریشن ،چھاپے اور ملزمان کی گرفتاریوں کو درست اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ امن پسند سیاسی جماعتوں کو رینجرز کے اقدام اک خیر مقدم کرنا چاہیئے اشرف قریشی نے کہاکہ پیپلز پارٹی اپنے مفاد کے لئے مفاہمی عمل کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہے سندھ رینجرز کی جانب سے اقدام پر آپریشن کے کپتان وزیر اعلیٰ سندھ کی خاموشی کو معنی خیز قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ شہر میں قیام امن کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتیں اور خود متحدہ قومی موومنٹ بھی فکر مند ہے متحدہ قومی موومنٹ خود سر دہشت گردوں سے تنگ آکر فوج کے ذریعے آپریشن اور مارشل لا ء کا مطالبہ کیا تھا اشرف قریشی نے کہاکہ ایک مرتبہ پھر موقع آیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کو چاہیئے کہ وہ بھر پور سیاسی کردار ادا کرے مجرموں اور ملزموں سے جان چھڑا ئے ۔اشرف قریشی نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف سندھ میں قیام امن کے رینجرز کے اقدام کی بھر پور حمایت کرتی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کے چاہیئے کہ وہ قیام امن اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے رینجرز کے آپریشن کی بھر پور حمایت کی جائے۔