گجرات کی خبریں 17/03/2015

Gujarat

Gujarat

گجرات (جی پی آئی) تنظیم الغفاری کے مرکزی راہنما حاجی محمد یوسف غفاری کے صاحبزادے اسد اللہ غفاری رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئے۔ ان کی بارات اور دعوت ولیمہ میں ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ جن میں چیف ایڈیٹر جی پی آئی ڈاکٹر رزاق احمد غفاری’ سینٹری انسپکٹر غلام مرتضیٰ غفاری ‘محمد نواز شاہد غفاری ‘ مسلم لیگ (ن) کے راہنما جاوید بٹ’ طارق سلامت’ ممتاز صحافی ذوالفقار علی باجوہ’ محمد فیاض غفاری’ محمد الیاس غفاری’ غلام مصطفی غفاری ‘ کلیم اللہ غفاری و دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) پورے ملک کی طرح گجرات میں بھی سانحہ یوحنا آباد لاہور کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ مسیحی برادری نے احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا۔ ٹی ایم اے آفس گجرات سے بہت بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت سینئر راہنمائوں اور ٹی ایم اے ورکرز یونین کے عہدیداران و ممبران نے کی۔ جن میں احسان مسیح سندھو، خالد گل’ پادری حفیظ گل’ پاسٹر نعیم’ اللہ رکھا’ سلامت شفیع رانا’ انور چمن سہوترا’ ارشد مسیح لال’ بابو طارق شامل تھے۔ جی ٹی ایس چوک گجرات میں مظاہرین نے روڈ بلاک کیا اور کئی گھنٹے تک دھرنا دیا۔ ضلع گجرات کی انتظامی ‘ سیاسی ‘ سماجی شخصیات نے بھی مسیحی برادری کے ساتھ یکجہتی کی۔ ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ’ ADCG عرفان کاٹھیا’ TMO محمود گوندل’ ڈاکٹر طارق سلیم’ حاجی عمران ظفر’ پادری حفیظ گل’ احسان مسیح سندھو و دیگر نے اس موقع پر خطاب کیا۔ اور اس سانحہ کی شدید مذمت کی۔ ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ نے مسیحی برادری کو یقین دلایا کہ انتظامیہ مسیحی برادری کے تحفظ کیلئے بھر پور اقدامات کرے گا اور چرچوں اور تعلیمی اداروں کو بہترین سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔

۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) سینٹ اینڈ ریوز چرچ گجرات میں سانحہ یوحنا آباد لاہور میں معصوم جانوں کے ضیاع پر ایک خصوصی دعائیہ نشست کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں پادری حفیظ گل نے خطاب کیا۔ اور سانحہ کا شکار ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی۔ احسان مسیح سندھو، سلامت شفیع رانا، و دیگر بھی موجود تھے۔ ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔

۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) آج بروز منگل سہ پہر چار بجے کیتھولک چرچ روزری ہسپتال گجرات میں سانحہ یوحنا آباد کا شکار ہونے والے مسیحیوں کے ایصال ثواب کیلئے اجتماعی تقریب منعقد ہو گی۔ تقریب میں فادر ولی آف یونان ، بابو طارق و دیگر مسیحی راہنما خطاب کریں گے۔

۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔

گجرات (جی پی آئی) ممتاز روحانی شخصیت صاحبزادہ پیر سید انتصار الحسن شاہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ چھالے شریف نے سانحہ یوحنا آباد کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ عبادت گاہ جس مذہب یا فرقے کی ہو ، قابل احترام ہے ۔ دہشتگردی میں ملوث افراد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ اس واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ اسلامی ریاست میں اقلیتیوں میں خصوصی تحفظ ‘ مقام اور آزادی حاصل ہوتی ہے۔ حکومت وقت کا فرض ہے کہ وہ اس سانحہ کے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچائیں اور مسیحی برادری کے دکھ درد کا مداوا کرے۔

۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) رکشہ ڈرائیوروں کے نمائندہ وفد نے انصاف مرکز کیمپنگ گرائونڈ لالہ موسیٰ میںکنونیئر آواز خلق سنو تحریک سابق سٹی ناظم لالہ موسیٰ نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ سے ملاقات کی اور اپنے مطالبات اور مشکلات کے متعلق آگاہ کیا،اس موقع پر نوازش علی شیخ ایڈووکیٹ نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ رکشہ ڈرائیوروں کو در پیش مشکلات کے حل کیلئے ان کے جائزمطالبوں کو متعلقہ حکام تک پہنچایا جائے گاانہوں نے کہاکہ رکشہ ڈرائیوروں کے مطالبات جائز ہیںجس میں رکشوں کیلئے منا سب جگہ کی دستیابی سر فہرست ہے کیونکہ لالہ موسیٰ میں رکشہ والوں سے دن 2بجے تک 10روپے فی رکشہ اور دن 2بجے کے بعد گیارہ گناہ کے حساب سے 110روپے وصول کئے جاتے ہیں اس طرح روزانہ بلدیہ اور اس کے ٹھیکیدار ہزاروں روپے موصول کررہے ہیں ،جبکہ اس کے متبادل رکشہ ڈرائیوروں کو کسی قسم کی سہولت نہیں دی جا رہی جس سے نا صرف رکشہ ڈرائیوروں کو شہر میں اندرون محلہ اور مختلف گائوں میں سفر کرنے والے مسافروں کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے رکشہ ڈرائیوروں کے وفد میں محمد شریف،ناصر حسین،تصدق حسین،اخلاق احمد،سیف الرحمن،ظہیر احمد،وارث علی،غلام علی اور آواز خلق سنو تحریک کے بانی رکن لیاقت علی بھانوالیا بھی موجودہ تھے۔

۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) سود خوروں ،عطائی ڈاکٹروں اور عامل نجومیوں کے خلاف گجرات پولیس کا کریک ڈائون تفصیلات کے مطابق ڈی پی او گجرات رائے اعجاز احمد کی ہدائیت پر عمل کرتے ہوئے گجرات پولیس نے سود خوروں ،عطائی ڈاکٹروں اور عامل نجومیوں کے خلاف سخت کریک ڈائون کرکے متعدد مقدمات درج رجسٹر کئے ۔جبکہ سود خوروں سے جن لوگوں نے سود پر رقم لی ہوئی ہے وہ سود خوروں کو سود کی رقم دینا فوری بند کردیں ۔سود خوروں کی طرف سے تنگ یا پریشان کرنے کی صورت میں ذیل نمبروں پر فوری رابطہ کریں ۔
0300-4008368،053-9260027۔053-9260049

۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر مسلم لیگی وفد کا جنرل ہسپتال کا دورہ، زخمیوں کی عیادت کی اور گلدستے پیش کیے
گجرات (جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر سینئر نائب صدر میاں منیر کی قیادت میں وفد نے جنرل ہسپتال میں سانحہ یوحنا آباد کے زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں گلدستے پیش کیے۔ مسلم لیگی وفد میں سابق صوبائی اقلیتی وزیر انجینئر شہزادالٰہی، خدیجہ فاروقی ایم پی اے، سید بلال مصطفی شیرازی، میاں عبدالستار، رانا ریاض، محمد عمر شیخ، اشفاق بھٹی، ڈاکٹر نگہت آغا، آمنہ الفت، سیدہ ماجدہ زیدی، مسز حامد رانا، تمکین آفتاب، کنول نسیم، عقیل شاہ اور دیگر مسلم لیگی رہنما شامل تھے۔ زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں منیر نے کہا کہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے پنجاب دہشت گردی کا شکار ہے، حکمرانوں کی اپنی حفاظت پر تو سینکڑوں اہلکار مامور ہیں لیکن عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے دورِ حکومت میں اقلیتوں کے ساتھ ایسے بدترین سلوک کی کوئی مثال نہیں ملتی نہ ہی اس قسم کا کوئی خطرہ تھا، ان کے مذہبی تہواروں میں تمام مذاہب کے لوگ نہ صرف شامل ہوتے تھے بلکہ تحفے تحائف بھی دئیے جاتے تھے، اقلیتی برادری چودھری پرویزالٰہی کو آج بھی اپنا محسن تسلیم کرتی ہے۔ بعد ازاں جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی کے باہر زخمیوں کو طبی امداد نہ دئیے جانے پر مسلم لیگی رہنمائوں نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی

۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
اولادکو حضور اقدس ۖ واہلبیت کی محبت سیکھائیں ،حاجی بلال رضا عطاری مدنی
گجرات (جی پی آئی) تبلیغ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوت اسلامی کے ترجمان نے کہا ہے کہ دعوت ا سلامی کے تحت طیبہ مسجد لیاقت آبادمیں اجتماع کا انعقاد کیا گیا ۔جس کا آغاز تلاوت ونعت کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر امیر اہلسنت علامہ محمد الیاس عطار قادری کے چھوٹے صاحبزادے مولاناحاجی بلال رضا عطاری مدنی نے سنتوں بھر ا بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور اقدس ۖ اور اہل بیت کی محبت اور قرآن کریم کی تعلیم سے اپنے بچوں کوضرور آراستہ کریں ۔کیونکہ قرآن پڑھنے والے لوگ بروز قیامت انبیاء علیہم السلام کے ہمراہ عرش کے سائے میں ہونگے ۔اسلاف کرام اپنی اولاد کی ایسی زبردست تربیت کیا کرتے تھے کہ بچپن ہی سے وہ عشق رسول ۖ کی چلتی پھرتی تصویر اور کثرت درود وسلام کے عادی ہوا کرتے تھے۔بیان کے اختتام پر مولاناحاجی بلال رضا عطاری المدنی نے ا سلامی بھائیوں سے ملاقات بھی کی ۔
۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔
مولانا محمد عمران عطاری نیپال پہنچ گئے ،ترجمان دعوت ا سلامی
گجرات (جی پی آئی) ترجمان دعوت اسلامی نے کہا ہے کہ دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا محمد عمران عطاری نیپال پہنچ گئے ۔جہاں ذمہ دار اسلامی بھائیوںنے پرتباک استقبال کیا۔نگران شوریٰ نے نیپال کے شہر نیپال گنج میں منعقد ہونے والے اجتماع میں بیان کیا ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حصولِ علم دین پرحاصل ہونے اجر وثواب کا تذکرہ قرآن وحدیث میں موجود ہے ۔علم دین کو حاصل کرنے کا ذریعہ نہایت آسان ہے ۔مگر آج بہت سے لوگ اپنی اولاد کو علم دین سکھانے کے حوالے سے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کا بیٹا ڈاکٹر ،انجینئر وغیرہ بنے بہت کم والدین اپنے بچوںکو عالم دین بنانے پر آمادہ ہوتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ اپنی اولاد کو دین ودنیا وی تعلیم دلوائیں ۔ صرف دنیاوی تعلیم حاصل کرنے والے بچے والدین کے بڑھاپے کا سہارا بنے یہ ضروری نہیں ۔ پڑھے لکھے لوگ اپنے والدین کو گھر سے نکال دیتے ہیں پھر ایسے لوگوںکے والدین اولڈ ایج ہو م میں اپنی زندگی کے بقیہ ایام اولاد کے انتظار میں گزار دیتے ہیں ۔البتہ عالم دین والدین کے رتبے سے بخوبی واقف ہوتا ہے اور ان کا سہارا بھی بنتا ہے ۔عالم دین والدین کیلئے ثواب جاریہ بن جاتا ہے کل بروز قیامت علماء کو اختیار ہوگا وہ جس کا چاہیں ہاتھ پکڑ کر جنت میں لے جائیں ۔بروز قیامت حافظ کے والدین کو نور سے معمور عالیشان تاج پہنایا جائے گااورعلماگنہگاروںکی شفاعت فرمائیں گے۔دعوت اسلامی کی مجلس دارالمدینہ میں زیر تعلیم بچے دینی ودنیا وی تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں۔