راولپنڈی (جیوڈیسک) اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی گئی، عدالت نے سابق صدر کو چھ اپریل کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
کیس کی سماعت کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج آفتاب احمد لون نے کی۔ اس موقعے پر ڈی جی ہیلتھ بلوچستان فاروق اعظم جان نے رپورٹ پیش کی جس میں کہا گیا کہ پرویز مشرف سیکورٹی کے باعث میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
سابق صدر کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انکے موکل کا نواب اکبر بگٹی کے قتل سے کوئی تعلق نہیں، سندھ حکومت سیکورٹی فراہم کرے تو وہ میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش ہونے کیلئے تیار ہیں، عدالت نے سیکرٹری داخلہ سندھ کو پرویز مشرف کو سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت آٹھ اپریل تک ملتوی کر دی۔