پیشی پر آیا مقدمہ قتل کا ملزم پولیس کی حراست سے بھاگ نکلا

Muhammad Farooq

Muhammad Farooq

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) پیشی پر آیا مقدمہ قتل کا ملزم پولیس کی حراست سے بھاگ نکلا، گیٹ پر مامور پولیس اہلکار نے فرار کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ تھانہ علی پور چٹھہ میں درج 631 نمبرمقدمہ قتل کے ملزم خاور محمود راجپوت کو آج ڈسٹرکٹ جیل گوجرانوالہ سے گارد انچار ج انسپکٹر محمد صدیق کی نگرانی میں
ایڈیشنل سیشن جج وزیرآباد علی عمران کی عدالت میں پیشی کیلئے لایا گیا۔

ملزم خاور محمود کو ہتھکڑیاں بھی نہ لگی ہوئی تھیں جوموقعہ ملتے ہی پولیس اہلکاروںکی حراست سے بھاگ نکلا۔ ملزم کے اس طرح فرار ہونے کی کوشش پر پولیس اہلکار بوکھلا گئے اور ملزم کے پیچھے پکڑو پکڑو کا شور مچاتے ہوئے دوڑیں لگا دیں اس دوران ملزم احاطہ عدالت سے نصف کلو میٹر تک دور نکل گیا۔

ملزم متعلقہ پولیس اہلکاروں کے قابو تو نہ آیا تاہم احاطہ عدالت کے باہر سیکیورٹی پرتعینات کانسٹیبل محمد فاروق جو وقوعہ کے وقت کنٹین سے چائے پی رہا تھا ‘ نے ملزم کے پیچھے دوڑ لگا دی اور کافی دور سے ملزم کو قابو کرکے متعلقہ پولیس اہلکاروں کے حوالہ کردیا جنہوں نے بعد ازاں ملزم کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے بخشی خانہ میں بند کردیا۔ غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں نے صحافیوں کو کوریج سے روکتے ہوئے کسی بھی قسم کی معلومات دینے سے انکار کیا اور کہا کہ واقعہ کو پردہ میں ہی رہنے دیا جائے،پردہ جو ہٹ گیا توبھید کھل جائے گا۔