بجلی کی بندش طلبہ کے امتحانات کی تیاریوں پر اثر انداز ہے۔ کے الیکٹرک بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنا ئے

Loadshedding

Loadshedding

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گرین پیس پبلک اسکول و کالج کے ایڈمنسٹریٹر پروفیسر سلمان احمد عثمانی نے ملیر اور اس کے مضافات میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ اور اقات کار میں تبدیلی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور اوقات کار بڑھانا وہ بھی ایسے وقت میں جب پرائمری و سیکنڈری اسکولوں کے امتحانات جاری ہوں۔

اور میٹرک کے امتحانا ت طلباء و طالبات کے سر پر ہوں بجلی کی بندش کی وجہ سے طلبہ امتحانات کی تیاریوں کے حوالے سے شدید اذیت کا شکار ہیں ۔پروفیسر سلمان احمد عثمانی نے کہاکہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ تعلیم دشمن پالیسی پر گامزن ہے انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ خصوصاً رات کے اوقات میں گھنٹوں گھنٹوں بجلی کی بندش کے باعث طلبہ پڑھائی لکھائی اور امتحانات کی تیاریوں سے قاصر ہیں انہوں نے کہاک کے الیکٹرک طلبہ کے مستقبل کو مد نظر رکھتے ہوئے لوڈ شیڈنگ کے دورانہ پر نظر ثانی کرے۔

اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے اجتناب کرے پروفیسر سلمان احمد عثمانی نے گورنر سندھ ،وزیر اعلیٰ سندھ اور خصوصاً وزیر تعلیم سے اپیل کی کہ طلبہ کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے کے الیکٹرک انتظامیہ کو ملیر اور اس کے مضافات میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش اور لوڈشیدنگ میں اضافے کا خاتمہ کریں اور رات کے اوقات جب طلبہ اپنے امتحانات کی تیاریوں میں مصروف ہوتے ہیں بجلی کی بندش سے نجات دلا ئی جائے۔