سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا فیصلہ

Jam Mehtab Khan

Jam Mehtab Khan

کراچی (جیوڈیسک) سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت بعض وزرا، وزیراعلیٰ سندھ کے مشیروں اور معاون خصوصی کو فارغ کر دیا جائے گا اور کچھ کے قلمدان تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات میں کیا گیا۔ امکان ہے کہ صوبائی وزیرصحت جام مہتاب ڈہر سے محکمے کا قلمدان واپس لے کر انھیں محکمہ داخلہ دیا جائے گا جبکہ صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں روبینہ قائمخانی کو فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں کیس چلنے کے باعث وزیراعلیٰ سندھ کے کچھ معاون خصوصی اور مشیروں کو فارغ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جنھیں عنقریب فارغ کردیا جائے گا۔

سابقہ چیف سیکریٹری سندھ سجاد سلیم ہوتیانہ نے پہلے ہی ان معاون خصوصی اور مشیروں کو واضع پیغام دے دیا تھا تواب وہ سپریم کورٹ میں اپنا دفاع خود کرنے کے انتظامات کریں کیونکہ حکومت سندھ مزید ان کا دفاع نہیں کرسکتی۔ جام مہتاب سے قلمدان واپس لینے کے بعد وزارت صحت بھی خالی ہو جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان سے محکمہ صحت خالی کرانے کا مقصد ایم کیو ایم کی سندھ حکومت میں امکانی شمولیت ہے کیونکہ محکمہ صحت ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے وزرا کے پاس ہی رہا ہے جبکہ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کا سبب جام مہتاب ڈاہرکو وزارت داخلہ کا قلمدان دینا ہے جس کامقصد وزیراعلیٰ سندھ کے اختیارات کم کرنا ہیں۔