این اے 122 کے حوالے سے سیاسی دہشتگردی کا شکار ہوئے، سپیکر ایاز صادق

Ayaz Sadiq

Ayaz Sadiq

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی ایازصادق نے کہا ہے کہ این اے 122 کے حوالے سے وہ سیاسی دہشتگردی کا شکار ہوئے ہیں ، کہتے ہیں کہ میرا برین فنگر انٹیروگیشن کرالیا جائے ، شاید پھر سب کو یقین ہوجائے کہ دھاندلی نہیں کی، چاہتا ہوں کہ نادرا کی رپورٹ بھی جلد ازجلد آ جائے۔

سپیکر ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہائوس میں پریس گیلری کا دورہ کیا اور پارلیمنٹ رپورٹرز ایسو سی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دی ۔ اس موقع پر سپیکر ایاز صادق نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این اے 122 میں ان کی جانب سے کوئی دھاندلی نہیں کی گئی چاہے ان کا برین فنگر انٹیروگیشن سسٹم کرا لیا جائے یا ایم آر آئی، سی ٹی اسکین اور ایکسرے کرایا جائے۔

کوئی چاہے تو بلڈ ٹیسٹ اور ڈی این اے بھی کرا لیا جائے۔ یہ سب کچھ ہونے کے بعد تو کوئی جھوٹ نہیں بول سکتا، ان کا کہنا تھا کہ ان کے کیس میں کوئی ثبوت سامنے نہیں آئے، دی جانیوالی 6 پولنگ کے بھی شواہد نہیں دیئے گئے، بنا ثبوت کے ووٹوں کے تھیلے کھولے گئے، ٹربیونلز کے ججز نے بھی فیصلے میں کہا کہ دھاندلی کے شواہد نہیں ملے۔

ابھی تک ٹربیونل کا ایسا فیصلہ نہیں آیا جو نادرا کے سسٹم کی بنیاد پرہو، نادر اور الیکشن کمیشن سمیت پی سی ایس آئی آر نے بھی بیان میں کہا کہ استعمال کی گئی سیاہی کی لائف 4 سے 5 گھنٹے سے زائد نہیں، نادرا کی رپورٹ بھی وہی آئیگی جو پہلے فیصلے ہو چکے ہیں، فنگرپرنٹس کی تصدیق میں بھی مسائل ہیں۔