بارش کے بعد ٹریکٹراور دیگر گاڑیوں کے گزرنے سے پرائمری سکول ویروکی کا رستہ تباہ وبرباد ہوگیا

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) بارش کے بعد ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں کے گزرنے سے پرائمری سکول ویروکی کا رستہ تباہ وبرباد ہوگیا۔ کم سن بچوں اور اساتذہ کو سکول تک پہنچنے میں سخت دشواری کا سامنا۔

اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد، ڈی سی اوگوجرانوالہ سے سکول کے رستہ پر سولنگ لگوانے کا مطالبہ۔ ہزاروں کی آبادی پر مشتمل مولانا ظفر علی خاں چوک سے ایک فرلانگ فاصلہ پر واقع دیہات ویروکی میں طلباء وطالبات کیلئے صرف پرائمری سطح تک سرکاری تعلیم کی سہولت دستیاب ہے لڑکیوں اور لڑکوں کے پرائمری سکولز راجباہ کے کنارے پر واقع ہیں جہاں معمولی بارش کے بعد ٹریکٹر ٹرالیوں اور دیگر گاڑیوں کے گزرنے سے رستہ تباہ ہوجاتا ہے۔

جبکہ گاڑیوں اور ٹریکٹر ٹرالیوں کے مالکان رستہ ٹھیک کرانا یا مٹی ڈلواناگوارہ نہیں کرتے سکول کے رستہ پر بننے والی خطرناک دلدل عبور کرنا کم سن بچوں کیلئے جان جوکھوں میں ڈالنے کے مترادف ہے اکثر بچے دلدل میں پھسل کر گر جاتے ہیں ،اساتذہ کو بھی سکول تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ طلبا وطالبات کے والدین نے اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد، ڈی سی او گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صورتحال کا خود آکر جائزہ لیں اور سکول کے رستہ میں سولنگ کا بندوبست کرواکر اہل علاقہ پر کرم نوازی فرمائیں۔