جھنگ ( نمائندہ خصوصی) سزائے موت کے دو ملزمان ذاکر حسین اور غلام محمد کو گزشہ روز صبح ساڑھے پانچ بجے دسٹرکٹ جیل جھنگ میں پھانسی دے دی گئی جن کا تعلق چنیوٹ سے تھا ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ملزمان کو سزائے موت کا حکم سنایاتھا۔ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے ملزمان کی سزا برقرار رکھی اورصدر پاکستان نے بھی مجرم کی سزا کی رحم کی اپیل خارج کر دی۔
تفصیلا ت کے مطابق مجرم ذاکر حسین نے معمولی تنازع پر دربار کے متولی کو 1998 میں قتل کیا تھا جبکہ اسی طرح مجرم غلام محمد نے جائیداد کے تنازع پر اپنے برادر نسبتی کو قتل کر دیا تھاعلاقہ مجسٹریٹ تھانہ کوتوالی محمد شاہد حسن مغل صبح پانچ بجے ڈسٹرکٹ جیل پہنچے جہاں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
فاضل مجسٹریٹ نے جیل کی سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور دونوں مجرمان سے ملاقات کر کے ان کی وصیت قلمبند کی جس میں مجرم ذاکر حسین نے اپنی وصیت میں کہا کہ اس کا بھانجا حسن میرا بدلہ نہ لے اور پرسکون زندگی گزارتے ہوئے ایک اچھا شہری بنے جبکہ ملزم غلام محمد نے اپنی وصیت میں کہا کہ انسان کو زندگی صرف ایک دفعہ ملتی ہے اسے زندگی کی قدر کرنی چاہیے۔ فاضل علاقہ مجسٹریٹ نے موقع پر موجود متوفیان کے ورثاء سے بھی ملاقات کی اور ان کا موقف سنا۔ پھانسی کے موقع پر دونوں مجرمان کو مخصوص لباس پہنا کر پھانسی گھاٹ پر لیجایا گیا تو انہوں نے اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی مانگتے ہوئے کلمہ شہادت پڑھا ۔فاضل مجسٹریٹ کے حکم پر دونوں مجرمان کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ۔بعد ازاں ڈاکٹر نے دونوں ملزمان کی لاش کا معائنہ و تصدیق کے بعد ڈیٹھ سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا اورضروری کاروائی کرنے کے بعد ملزمان کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔