ایران کیساتھ مستقبل بدلنے کیلئے دہائیوں بعد ایک بڑا موقع ملا ہے: امریکی صدر

Barack Obama

Barack Obama

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر باراک اوباما نے ایرانی عوام سے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو اپنے باہمی تعلقات کی شکل بدلنے کے لئے ایک بڑا موقع ملا ہے اور انھیں ایک مختلف مستقبل کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔

اوباما نے یہ تجویز ایرانی حکومت اور عوام کے نام نئے ایرانی سال کے آغاز پر منائے جانے والے تہوار ’نوروز‘ کے تہنیتی پیغام میں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی دہائیوں میں ہمارے پاس یہ موقع آیا ہے کہ امریکہ اور ایران دونوں ممالک کے لئے ایک مختلف مستقبل کے حصول کے لیے کوشش کریں۔

امریکی صدر نے اپنے ویڈیو پیغام میں تسلیم کیا کہ اس وقت ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے جاری مذاکرات میں کسی حد تک خلا موجود ہے تاہم انھوں نے اس امید کا اظاہر بھی کیا کہ اسے پر کر لیا جائے گا۔

انھوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو مسئلے کے حل کے لئے ملنے والے ایک تاریخی موقع کو کھونا نہیں چاہیے۔

اوباما نے کہا کہ ایران کے رہنمائووں کی ایک مناسب معاہدے پر رضامندی کی صورت میں ایران خوشحالی کے راستے پر گامزن ہو سکتا ہے اور اگر معاہدہ طے نہ پایا تو اس کے نتیجے میں ایران تنہا ہو جائے گا۔