صادق آباد (جیوڈیسک) لنڈا بازار میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے سے ایک ہزار سے زائد کچی دکانیں جل کر خاکستر، کروڑوں روپے کا نقصان ہو گیا۔ فائر بریگیڈ آگ پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہوگئی۔
ریلوے سٹیشن صادق آباد کے قریب قائم لنڈا بازار میں صبح چار بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے چار ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیلے ہوئے لنڈا بازار کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر بریگیڈ کی گاڑیاں اطلاع کے باوجود دو گھنٹے تاخیر سے پہنچیں جس کی وجہ سے آگ زیادہ پھیلی۔ دوکانداروں کو جیسے جیسے اطلاع ملی وہ خود موقع پر پہنچے۔ آگ بجھانے کی کوشش کی بعد ازاں ضلع بھر سے ریسیکو گاڑیوں کو طلب کیا گیا جنہوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا ہے۔
تاجروں نے بتایا کہ لنڈا بازار چار ایکڑ پر قائم ہے، مکمل طور پر جل گیا ہے۔ آگ کے شعلے دور سے نظر آ رہے ہیں، تاحال آگ پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ بچ جانیوالی دکانوں کے مالکان اپنا سامان محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں جبکہ آگ کی شدت سے قریبی شاپنگ سنٹر کو بھی خطرہ ہے۔