رہنماؤں کے نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کی اطلاعات قابل مذمت ہیں، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بعض ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی خبروں کی شدید مذمت کی ہے۔

جن کے مطابق ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان حیدرعباس رضوی، قمر منصور، رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی اور سابق سینیٹر بابر غوری کانام ای سی ایل میں ڈالنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔

رابطہ کمیٹی نے اس اقدام کوایم کیوایم کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں کاتسلسل قرار دیا۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے گھروں سے القاعدہ کے بڑے بڑے دہشت گرد گرفتار ہوئے، سری لنکاکی ٹیم پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں نے منصورہ میں قیام کیا۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کھلے عام فوج کے خلاف بیانات دیے لیکن آج تک جماعت اسلامی کے رہنماؤں یاطالبان دہشت گردوں کے ساتھ بالواسطہ یا بلا واسطہ تعاون کرنے والوں کے نام نہ توای سی ایل میں ڈالے گئے اورنہ ہی آج تک ان کے خلاف اس قسم کی کارروائی کی گئی۔

رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیو ایم اس اقدام کو عدالت میں چیلنج کرے گی اوراس قسم کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے آگے سرنہیں جھکائے گی۔