لیہ + کروڑ لعل عیسن ( نامہ نگار) انجمن مہریہ نصیریہ تحصیل کروڑ کا اجلاس جامعہ سعیدیہ رضویہ میں حضرت مولانا قاری محمد اشفاق سعیدی گولڑوی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قاری اشفاق سعیدی کہا کہ انجمن مہریہ نصیریہ غریب ، یتیم اور حاجت مند لوگوں کی بھلائی اور قدرتی آفات سے پہنچے والے نقصانات کے ازالے کیلئے کام کرے گی۔
انہوں نے کہا پیر مہر علی اپنے وقت کے بہت بڑے ولی تھے۔ جنہوں نے قادیانیت کے خلاف جہاد کیا۔ آپ کی بہت سی تصانیف متنازعہ مسائل کے بارے میں موجود ہیں۔ حضرت نصیر الدین نصیر عظمت رسول کے پروانے تھے۔ آپ نے ہمیشہ شرک اور بدعت کے خلاف جنگ کی اور دنیا کو صحیح عقائد کی جانب راغب کیا۔ انجمن مہریہ نصیریہ خالصتاً فلاحی تنظیم ہوگی۔
اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ مرکز کی ہدایت پر رکنیت سازی جلد شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں مولانا عبدالحمید چشتی ، طارق محمود پہاڑ ، ملک محمد اکرم سواگ ، ملک سعید احمد سواگ ، ڈاکٹر صفدر کوکب ، شیخ محمد رضوان ، ملک روشن ضمیر اتلیرہ ، پیر قمرالزمان قریشی ، قاری ملازم اور شیخ محمد رمضان ناظم جامعہ سعیدیہ کے علاوہ درجنوں افراد موجود تھے۔