لاکھوں شائقین کے دل توڑنے والی ٹیم ٹکڑوں میں واپس آئے گی

Pakistan Cricket Team

Pakistan Cricket Team

لاہور / سڈنی (جیوڈیسک) لاکھوں شائقین کے دل توڑنے والی قومی کرکٹ ٹیم ٹکڑوں میں وطن واپس آئیگی، ورلڈکپ کی ناکام مہم کے بعد ہیڈ کوچ وقار یونس کو سڈنی میں اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کی فرصت مل گئی،یونس خان میلبورن میں قیام کریں گے، پہلا گروپ اتوار کی شب کراچی، دوسرا پیر کی صبح لاہور آئے گا۔

کوارٹرفائنل میں شکست پر شاہد آفریدی اور وہاب ریاض نے قوم سے معافی مانگ لی، آل رائونڈر کا کہنا ہے فیصلہ کن میچ میں جو شاٹ کھیلا وہ وقت کا تقاضا تھا، مجھے روکنے والے خود بھی تو وکٹ نہیں بچا سکے، کینگروکیمپ میں تہلکہ مچانے والے پیسر نے کہاکہ راحت علی سے کوئی شکایت نہیں۔

ورلڈکپ میں پیش قدمی جاری نہ رکھنے پر مایوس ہوں، افسوس ہے کہ عوام کی توقعات پر پورا نہ اترسکے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیلیڈ میں میزبان کینگروز کے ہاتھوں کوارٹر فائنل میں شکست کے نتیجے میں قومی ٹیم ورلڈکپ کی دوڑ سے باہرہو گی،لاکھوں شائقین کے دل توڑنے کے بعد اسکواڈ خود بھی ٹکڑوں میں وطن واپس آئے گا، ناکام مہم کے بعد وقار یونس کو سڈنی میں اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کیلیے زیادہ وقت مل گیا،ہیڈ کوچ اور دیگر معاون اسٹاف اپریل کے پہلے ہفتے میں پاکستان آکر دورہ بنگلہ دیش کی تیاری شروع کرے گا، یونس خان بھی چند روز میلبورن میں قیام کرینگے۔

سڈنی سے رخت سفر باندھنے والے دیگر کھلاڑی 2 گروپس میں وطن واپس آئینگے،شاہد آفریدی اور سرفراز احمد سمیت ایک گروپ اتوار کی شب کراچی آئیگا،کپتان مصباح الحق،وہاب ریاض، احمد شہزاد اور حارث سہیل سمیت دیگر پلیئرز پیر کی صبح لاہور پہنچیں گے۔ دریں اثنا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ میں ورلڈ کپ میں مایوس کن کارکردگی پر شرمندہ ہوں، ہم شائقین کی توقعات پر پورا نہ اترسکے،کینگروز کیخلاف میچ میں مواقع سے فائدہ اٹھاتے تو جیت سکتے تھے۔

تاہم بولرز نے پورے ایونٹ میں عمدہ پرفارم کیا، انھوں نے کہا کہ فیصلہ کن میچ میں جو شاٹ کھیلا وہ وقت کا تقاضا تھا، مجھے روکنے والے خود بھی تو وکٹ نہیں بچا سکے،آل رائونڈر نے کہا کہ مصباح الحق ایک اچھے کپتان ہیں جنھوں نے ٹیم کو بڑے بہترین انداز میں چلایا اور ورلڈکپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا،ان کی قیادت سے لطف اندوز ہوا، آفریدی نے کہاکہ ایشیا کپ میں ایشون کو چھکا ٹیم کی ضرورت تھی تاہم 2005میں بریٹ لی کی گیند کو فرنٹ فٹ پر کھیل کر فضائی روٹ سے بائونڈری کے پار بھیجنا یادگار رہا،کیریئر کے دوران سپورٹ کرنے پر پرستاروں کا شکرگزار ہوں۔

پیسر وہاب ریاض نے کہا کہ اہم ترین کیچ ڈراپ کرنے والے راحت سے کوئی شکایت نہیں، دبائو سے بھرپور میچز میں ایسا ہوجاتا ہے، شکست پر ہم شائقین سے معذرت خواہ ہیں، میگاایونٹ میں ٹیم نے اچھی کارکردگی پیش کی لیکن بدقسمتی سے ٹائٹل نہ جیت سکے،انھوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ عوام کی توقعات پر پورا نہ اترے تاہم اس وقت ہمیں پرستاروں کی جانب سے سپورٹ درکار ہے۔ واٹسن کے حوالے سے وہاب نے کہاکہ بیٹنگ کے دوران کینگرو آل راؤنڈر نے مجھے چھیڑا تو بولنگ کرتے ہوئے بدلہ لے لیا۔