کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے عوام کو فوری طبی سہولت کی فراہمی کے لئے تعمیر کے گئے کارڈک ایمرجنسی سینٹر شاہ فیصل کالونی اور 50 بستروں کے ہسپتال ڈاکٹر اور طبی عملے کی عدم موجودگی کے باعث عوام کو سہولت فراہم نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مذکورہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی تعیناتی کو یقینی بنا کر اسے فعال بنا یا جائے تاکہ عوام سستی اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا یا جاسکے۔
ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان اور میونسپل کمشنر مسرور احمد میمن کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف طبی مراکز اور شاہ فیصل کالونی نمبر 1میں زیر تعمیر ڈسپنسری اور سرد خانے کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر محکمہ ہیلتھ اور شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے افسران بھی موجود تھے۔حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ شاہ فیصل کالونی میں قائم کئے گئے کارڈک ایمرجنسی سینٹر شاہ فیصل کالونی اور اس سے گرد نواح کے عوام کو امراض قلب کے حوالے سے فوری طبی امداد کے لئے قائم کیا گیا تھا مگر افسوس کہ تمام تر ضروری مشنری موجود ہونے کے باوجود حکومتی عدم توجہی کے باعث آج تک اس مرکز میں ڈاکٹر اور طبی عملے کو تعینات نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں کے لاکھوں مکین اس سے استفادہ حاصل نہیں کرپارہے ہیں۔
حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر صحت سے مطالبہ کیا کہ عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے کارڈک ایمرجنسی سینٹر شاہ فیصل کالونی اور 50 بستروں کے اسپتال میں ڈاکٹر ز اور طبی عملے کی کمی کو پورا کیا جائے ۔بعد ازاں حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی نمبر 1 میں زیر تعمیر سرکاری ڈسپنسری اور سرد خانے پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ ذمہ دران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی عمل کو تیز کیا جائے اور وقت مقررہ پر اس کی تعمیر کو یقینی بنا یا جائے۔