کراچی (اسپورٹس رپورٹر) نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کی سابق چمپئن پی آئی اے کی ٹیم نے آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک آف پاکستان فٹ بال ٹورنامنٹ جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔کالونی اسپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے کالونی اسپورٹس کمپلیکس ملیر پر جاری آٹھواں آل پاکستان نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام ہوگیا۔
فائنل میچ میں پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز کی فٹ بال ٹیم نے نیشنل بنک آف پاکستان کی فٹ بال ٹیم کو 2-0سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلیا پی آئی اے کی جانب سے ریاض اور ذیشان نے نہایت خوبصورت گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
کھیل کے دوران نیشنل بنک کی ٹیم نے بھی بھر پور حملے کئے لیکن ان کے فارورڈ گول اسکور کرنے میں ناکام رہے ۔ٹورنامنٹ کے اختتام پر تقسیم انعامات کی شایان شان تقریب میں مہمان خصوصی نیشنل بنک اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سابق قومی کرکٹر اقبال قاسم نے فاتح نیشنل بنک فٹ بال ٹورنامنٹ کی فاتح پی آئی اے کے کپتان اور رنر اپ نیشنل بنک کے کپتان کو ٹرافی پیش کیاس کے علاوہ ٹورنامنٹ میں اعلیٰ کا رکردگی پر انفرادی انعامات سے بھی کھلاڑیوں کو نوازا گیا ۔ٹورنامنٹ کا فیئر پلے ٹرافی پاکستان اسٹل ملز کے ہیڈ کوچ احمد علی واسطی کو دیا گیا۔
اس موقع پر نیشنل بنک کے اسپورٹس کوارڈینٹر حاجی غلام محمد خان ،طارق لطفی،محسن جمیل،گلفراز خان ،قمر علی قریشی ،سیکریٹری ویسٹ رحیم بخش بلوچ ،عباس علی بلوچ،ٹورنامنٹ آرگنائزر ضمیر السلام ،معروف سماجی رہنماء امیر محمد خان ،رئیس احمد ،ایم اے خالد ،یونس پیروانی ،منیجر پی آئی اے ٹیم ظفر اقبال کے علاوہ فٹ بال سے وابستہ شخصیات موجود تھیں مہمان خصوصی نیشنل بنک اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سابق قومی کرکٹر اقبال قاسم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قومی سطح پر فٹ بال ایونٹ کے انعقاد پر کالونی اسپورٹس کے منتظمین ،ٹورنامنٹ آرگنائزینگ کمیٹی کے اراکین اور ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی پاکستان بھر سے ٹیموں کو سراہتے ہوئے کہاکہ اسپورٹس کے فروغ سے بھائی چارگی، ہم آہنگی اور امن کے قیام میں مدد کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کو پروان چڑھا یا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل بنک آف پاکستان اسپورٹس خصوصاً فٹ بال کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی انہوں نے فٹ بال کے کھلاڑیوں کو یقینی دلا یا کہ فٹ بال کے فروغ اور تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا ٹورنامنٹ کے فائنل میں ریفری کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری عبدالغفور بلوچ نے اپنے معائونین ساتھیوں نصیر عمر بلوچ ،خالد ممتاز جمی اور سراج الدین طالب کے ہمراہ انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر منور خان اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔