سنگاپور (جیوڈیسک) لی کوان نے سنگاپور میں پیپلز ایکشن پارٹی کی بنیاد رکھی جو 1959 سے ملک میں حکمران ہے۔ وہ 31 برس تک ملک کے وزیرِ اعظم رہے اور 2011 تک حکومت میں شامل رہے۔
انھیں سنگاپور کی خوشحالی کا معمار بھی کہا جاتا تھا۔ کیمبرج یونیورسٹی سے وکالت کی ڈگری حاصل کرنے والے لی کو اظہار رائے پر پابندی لگانے کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا۔
لی کوان نے ملک کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بنانے کے اقدامات کیے۔ سنگاپور کو تیل صاف کرنے کی صنعت کا مرکز بنایا۔ جس کے باعث دنیا نے اس چھوٹے سے ملک کو ایک بڑا مالیاتی مرکز بنتے دیکھا۔
لی کوان کے انتقال کا اعلان ان کے بیٹے اور سنگاپور کے موجودہ وزیرِ اعظم لی سیان لونگ کے پریس سیکریٹری کی جانب سے کیا گیا۔